Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: کرناٹک میں امتحانی امیدوار کے ہال کارڈ پر سنی لیون کی تصویر، مقدمہ درج

حکومت نے کہا تھا کہ اس غلطی کے لیے محکمہ تعلیم ذمہ دار نہیں۔ فوٹو: پکسابے
انڈیا کی ریاست کرناٹک میں اساتذہ کی بھرتی کے لیے ہونے والے ایک ٹیسٹ کے دوران امتحانی امیدوار کے ہال میں داخلے یعنی ایڈمٹ کارڈ پر اداکارہ سنی لیون کی تصویر شائع ہونے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق کرناٹک کے محکمہ تعلیم نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے کہ کرناٹک اساتذہ کے اہلیتی امتحان 2022 کے ایڈمٹ کارڈ پر ایک خاتون امیدوار کی تصویر کی جگہ سنی لیون کی تصویر لگائی گئی تھی۔
شیواموگا سائبر یونٹ کے افسران نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
شیواموگا کے ایس پی متھن کمار جی کے نے میڈیا کو بتایا کہ امتحانی مرکز کے انچارج چناپا نے محکمہ تعلیم کے حکام کے ساتھ سی ای این پولیس سٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔
پولیس افسر نے کہا کہ ’ہم اس کی مکمل تحقیقات کریں گے۔‘
امیدوار کا تعلق چکمگلور ضلع کے علاقے کوپا سے تھا اور اس نے شیو اموگا میں ٹیچر کی اسامی کے لیے درخواست دی تھی۔ انہوں نے اتوار کو ہونے والے اہلیت کے امتحان میں شرکت کی۔
حکام کے مطابق خاتون امیدوار نے امتحان میں شرکت کے لیے سائبر سینٹر میں اپنا ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کیا۔
قبل ازیں حکومت نے کہا تھا کہ اس غلطی کے لیے محکمہ تعلیم ذمہ دار نہیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کرناٹک کانگریس کے سوشل میڈیا چیئر پرسن بی آر نائیڈو نے منگل کو الزام لگایا تھا کہ ریاستی محکمہ تعلیم نے امیدوار کی تصویر کے بجائے ہال ٹکٹ پر بالغوں کی فلموں میںکام کرنے والی سابق سٹار سنی لیون کی تصویر چھاپی ہے۔

خاتون امیدوار کے مطابق شوہر کے دوست نے اُن کی معلومات اپ لوڈ کیں۔ فوٹو: سکرین گریب

نائیڈو کے الزام کا جواب دیتے ہوئے محکمہ تعلیم کے بی سی ناگیش کے دفتر نے ایک جاری بیان میں کہا کہ ’امیدوار کو ایک تصویر اپ لوڈ کرنا ہوتی ہے۔ وہ فائل کے ساتھ جو بھی تصویر لگاتے ہیں سسٹم اٹھا لیتا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’جب ہم نے امیدوار سے پوچھا کہ کیا انہوں نے اپنے ایڈمٹ کارڈ پر سنی لیون کی تصویر لگائی ہے، تو جواب ملا کہ اُن کے شوہر کے دوست نے اُن کی معلومات اپ لوڈ کی ہیں۔‘

شیئر: