سعودی وزیر داخلہ کا دورہ سپین، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
منگل 14 جولائی 2026 23:02
وزارت داخلہ کے درمیان ایک جامع تربیتی دستاویز پر دستخط بھی گئے گئے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے منگل کو میڈرڈ میں سپین کے وزیر داخلہ فرنینڈو گرانڈے مارلیسکا سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور سپین کے درمیان تعلقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے کے طریقوں اور دونوں ملکوں کی وزارت داخلہ کے درمیان ہم آہنگی اور مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان میں ہر قسم کے جرائم کا مقابلہ کرنا، مجرموں کا سراغ لگانا، منشیات کی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے نیٹ ورکس سے نمٹنا، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنا، مہارت کا تبادلہ اور ماہرین کی صلاحیتوں کو فروغ دینا شامل ہے۔
بعد ازاں وزرائے داخلہ نے دونوں ملکوں کی وزارت داخلہ کے درمیان ایک جامع تربیتی دستاویز پر دستخط کیے، جس کا مقصد مہارت کے تبادلے اور صلاحیتوں کو فروغ دینا، تربیت اور اہلیت کے پروگراموں کی سپورٹ کرنا ہے۔

اس موقع پر سپین میں سعودی سفیر شہزادی ھیفا بنت عبدالعزیز بن عیاف، معاون وزیر داخلہ ڈاکٹر ھشام بن عبدالرحمن اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر داخلہ نے سپینیش سول گارڈ کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا، انہیں جدید ترین ٹیکنالوجی، ڈیوائسز اور ان کے استعمال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
