Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

المخواہ کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی ورثہ سیاحوں کے لیے کشش کا باعث

  ان مقامات میں نمایاں المخواہ کمشنری کا ذی عین تاریخی گاؤں ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن کے تھامہ میں واقع المخواہ کمشنری کے السراۃ پہاڑی علاقے موسمِ خزاں میں معتدل موسم، قدرتی وادیوں اور بھرپور ثقافتی ورثے کے متلاشی اہل علاقہ اور سیاحوں کے لیے پرکشش مقام بن جاتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ان مقامات میں سب سے نمایاں المخواہ کمشنری کا ذی عین تاریخی گاؤں ہے جو ایک سفید پہاڑی پر پتھر سے بنی کثیر المنزلہ عمارتوں، قدیم مسجد، تنگ گلیوں اور پہاڑی کے دامن سے بہنے والے میٹھے پانی کے چشمے کے باعث سیاحوں میں مقبول ہے۔
یہاں کے سرسبز باغات اور روایتی طرزِ تعمیر قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے کا منفرد امتزاج پیش کرتے ہیں۔ یہ گاؤں میٹھے پانی کے چشموں اور ان لہلہاتے ہوئے باغات میں گھرا ہوا ہے جہاں کیلے، خوشبودار تلسی اور بادم اگائے جاتے ہیں۔
یہاں کی ثقافتی زندگی کو روایتی منگل بازار سے مزید تقویت ملتی ہے جو 30 ہزار مربع میٹر رقبے پر لگایا جاتا ہے۔
یہاں شہد، کھجوریں، روایتی پکوان، دستکاری اور مقامی مصنوعات فروخت کی جاتی ہیں۔ یہ بازار تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت اور سماجی روایات کے فروغ کا بھی مرکز ہے۔

وادی الاحسبہ بھی المخواہ کمشنری کے نمایاں قدرتی مقامات میں شامل ہے جہاں سرسبز علاقے، بہتا پانی اور چٹانی مناظر سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ وادی میں واقع الاحسبہ ڈیم تقریباً 895 میٹر طویل اور 22 میٹر بلند ہے جس میں 11 ملین مکعب میٹر پانی سٹور کرنے کی گنجائش ہے۔ یہ ڈیم زیر زمین پانی اور زرعی سرگرمیوں میں معاونت کے ساتھ تفریحی اہمیت بھی رکھتا ہے۔

تاریخی گاؤں، روایتی بازار، پارکوں اور قدرتی وادیوں کا امتزاج المخواہ کو موسمِ خزاں میں ایک نمایاں سیاحتی مقام بناتے ہیں جو الباحہ کے تھامہ خطے کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کرتے ہیں۔

 

شیئر: