Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: ’سوق حراج‘ کی تاریخی تصاویر میں قدیم سماجی و معاشی مرکز کی جھلک

حراج بازار ایک عرصے تک  تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز رہا ہے ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن نے ریاض کی قدیم سماجی و معاشی زندگی کی جھلک پیش کی ہے اور شہر کے معروف و پرانے بازار’ سوق حراج‘ کی قدیم تصاویر جاری کی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سوق حراج ایک عرصے تک دارالحکومت کی  تجارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز تھا۔ یہ عہدِ رفتہ میں سوق التمر (کھجور مارکیٹ) کے نام سے معروف تھی۔ تصاویر میں خرید و فروخت کے دوران دکانداروں اور کاہگوں کا ازدحام دیکھا جا سکتا ہے جس سے اس مارکیٹ کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔
تصاویر میں ریاض شہر کے جنوب اور مشرق جانب کی تاریخی عمارتوں کی بھی وضاحت ہوتی ہے، اس کے ساتھ ہی ’سوق الخرازین‘ (جوتوں اور چمڑے کی مصنوعات کا بازار) نمایاں ہے جبکہ اس مارکیٹ کے دائیں جانب کھجور فروخت کرنے والی دکانیں بھی موجود تھیں۔
سوق حراج، ریاض کی تاریخ کا ایک اہم معاشی اور سماجی مرکز رہی ہے جہاں نہ صرف تجارتی لین دین ہوتا تھا بلکہ یہ مقامی آبادی، تاجروں اور شہر آنے والے افراد کی ملاقات کا بھی اہم مقام تھا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ بازار آج بھی دارالحکومت کی تاریخی یادداشت کا ایک نمایاں حصہ مانا جاتا ہے۔
کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن کا کہنا ہے یہ تاریخی تصاویر قومی ورثے کے تحفظ کی کوششوں کا حصہ ہے، جن کے ذریعے شہر کی اقتصادی اور سماجی تبدیلیوں کو محفوظ کرنے والی تاریخی تصاویر اور دستاویزات محققین اور دلچسپی رکھنے والوں کے لیے دستیاب ہیں۔

 

شیئر: