Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’زندگی سے بھرپور دن‘: مدینہ ونٹر سیزن میں سیاحتی و ثقافتی سرگرمیوں کی رونق

ونٹرسیزن سیاحتی و ثقافتی تجربات کی ایک رینج پیش کرتا ہے۔( فائل فوٹو)
مدینہ ریجن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت مدینہ ’ونٹرسیزن 2026-2027‘ کا جاری ہے جسے ’ایامھا حیاۃ‘ ( زندگی سے بھرپور دن) کا عنوان دیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ونٹر سیزن شہر کی تاریخی اور مستند ثقافتی شناخت سے ہم آہنگ سیاحتی و ثقافتی تجربات کی ایک رینج پیش کرتا ہے۔
چھ ماہ تک جاری رہنے والے اس سیزن میں اہل مدینہ، رہائشیوں اور زائرین کو شہر کے تاریخی اور ورثے کے مقامات، سیاحتی مراکز اور دیگر متنوع سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ 
 نو اہم مقامات پر مجموعی طور پر 109 ایونٹس اور سرگرمیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ان مقامات میں مرکزی علاقہ، قبا، احد پہاڑ، عیر پہاڑ، خندق کا مقام، العزیزیہ، المغیسلہ اور کنگ فہد پارک شامل ہیں۔
ان سرگرمیوں کو چھ بنیادی موضوعات میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں تاریخ، ثقافت، قدرتی مقامات کی سیر، مقامی پکوان اور کھیل شامل ہیں۔
سیزن کے دوران لوگوں کو ایسے خصوصی تجربات اور سیاحتی راستوں کے ذریعے مدینہ منورہ کی تاریخ سے قریب تر ہونے کا موقع ملے گا جو شہر کے تاریخی سفر کے اہم ادوار اور واقعات کو اجاگر کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ ادب، دستکاری اور فنونِ لطیفہ کو نمایاں کرنے والے ثقافتی و فنی پروگرام، مختلف مقامات کی سیر، تفریحی سرگرمیاں اور مقامی پکوانوں پر مشتمل تجربات بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔
 نمایاں سرگرمیوں میں ’نور المنورہ‘ بھی شامل ہے جس کے تحت منتخب تاریخی مقامات پر تخلیقی اور معلوماتی نوعیت کے شوز پیش کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ’مدینہ کی شامیں‘، ’علی خطاہ‘ (ان کے نقش قدم پر) کے عنوان سے خصوصی تجربہ، مدینہ آرٹس سینٹر کی سرگرمیاں اور تاریخی و ثقافتی مقامات سے متعلق پروگرام شامل ہیں۔ سیاح اور زائرین ان راستوں اور سرگرمیوں کے ذریعے مدینے کے ماضی کی جھلک دیکھ سکیں گے۔

ونٹر سیزن مدینہ کے سیاحتی تجربے کو مزید وسعت دینے اور اسے تاریخی، ثقافتی و قدرتی خصوصیات سے مالامال سیاحتی مقام کے طور پر مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اس کا مقصد سال بھر سیاحت کے مواقع، معیار زندگی کو بہتر بنانا، ثقافت اور تفریح سمیت دیگر شعبوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

 

شیئر: