Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا عالمی معیار کا آرامکو سٹیڈیم، بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے لیے تیار

الشرقیہ ریجن میں خلیج عرب کے ساحل پر واقع الخبر سٹی میں آرامکو سٹیڈیم  مملکت میں سپورٹس، تفریح اور ثقافتی منظر نامے کو ایک نئی جہت دینے کے لیے تیار ہے۔
یہ سٹیڈیم عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے جسے بین الاقوامی مقابلوں اور تقریبات کی میزبانی کے لیے بنایا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اپنی متنوع سہولتوں کے باعث آرامکو سٹیڈیم کا شمار ان اہم قومی منصوبوں میں ہوتا ہے جو مملکت میں سپورٹس اور تفریحی شعبے کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ منصوبہ عالمی معیار کے مطابق سپورٹس انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کی کوششوں کا تسلسل ہے جس کا مقصد مملکت کو بین الاقوامی سطح پر بڑے ایونٹس کے ایک اہم مرکز کے طورپر مستحکم کرنا ہے۔
سٹیڈیم کے تعمیراتی ڈیزائن الخبر کے ساحلی ماحول سے متاثر ہے۔ منفرد طرزِ تعمیر ساحل کے قریب بننے والے ’آبی بھنور‘ کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ ڈیزائن مقامی جغرافیائی شناخت اور جدید انجینیئرنگ کا حسین امتزاج ہے۔

سٹیڈیم کو ایک ایسے مربوط مرکز کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو الشرقیہ ریجن کے ایک سٹریٹیجک مقام پر سپورٹس، ثقافت، تجارت اور سماجی سرگرمیوں کو یکجا کرتا ہے۔
 سٹیڈیم میں سہولتوں کا ایک مکمل سلسلہ موجود ہے جس میں جدید سٹینڈز، جہاں سے کھیل کے میدان کا نظارہ بہترین طریقے سے ممکن ہو گا۔ اس کے علاوہ مہمان نوازی، وی آئی پی سوئٹس، جدید  ترین میڈیا سہولتیں، تجارتی و تفریحی مقامات، عوامی پارک، پانچ کلومیٹر طویل واکنگ اور سائیکلنگ ٹریک اور آؤٹ ڈور سپورٹس کورٹس شامل ہیں۔
منصوبے کا نمایاں پہلو اس کا سٹریٹیجک محل وقوع ہے۔ یہ مشرقی ریجن کے ایک ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں شہری اور اقتصادی ترقی کی رفتار تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ مرکزی شاہراہوں اور اہم سڑکوں کے وسیع نیٹ ورک سے منسلک ہونے کے باعث ریجن کے مختلف شہروں سے یہاں آسانی سے پہنچا جا سکتا ہے۔

امید کی جا رہی ہے کہ آرامکو سٹیڈیم مستقبل میں متعدد بڑے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔ یہ ان سٹیڈیمز میں سے بھی ایک ہوگا جو 2034 میں فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔
اس کے علاوہ یہاں مقامی اور بین الاقوامی فٹ بال میچز، تفریحی و ثقافتی تقریبات، ایکسپو اور سال بھر مختلف سماجی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

 

شیئر: