Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ کے دل نشیں موسم سے سیاح بھی خوش اور تاجر بھی خوش

الباحہ ریجن  اپنے جنگلات، پارکوں اور دلکش پہاڑی مناظر کے ساتھ موسم گرما میں سیاحوں کو متوجہ کر رہا ہے۔ 
ایس پی اے کے مطابق موسم گرما کی شاموں میں واک ویز، جنگلات اور سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد کے ساتھ رونقیں بڑھ جاتی ہیں۔ یہاں اوپن ایریا میں موجود کیفے اور ریستوران بھی مقبول ہیں جو ایک منفرد ماحول فراہم کرتے ہیں۔
پہاڑی علاقے کی ٹھنڈی ہوائیں، دلکش نظارے اور گہری دھند موسم گرما کا منفرد تجربہ فراہم کرتی ہیں۔
موسم گرما کے دوران سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے نے پورے علاقے کی معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کیا ہے جس سے کاروبار، کیفے، ریستوران، کاٹج انڈسٹری سے وابستہ خاندانوں، زرعی مصنوعات اور روایتی دستکاری سے وابستہ افراد کو فائدہ ہوا ہے۔
الباحہ میونسپلٹی نے خدمات کا دائرہ بھی وسیع کیا ہے۔ بلدیاتی ادارے کی ٹیمیں 24 گھنٹے تجارتی مراکز اور موسمِ گرما کی سرگرمیوں کی نگرانی کرتی ہیں تاکہ ضوابط پرعمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

علاقے میں موسم گرما کے حوالے سے 9 بڑے فیسٹیول بھی جاری ہیں جبکہ 931 ریستوران اور 535 کیفے سیاحوں کو مختلف خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
سیاحتی سرگرمیاں محض جنگلات اور پارکوں تک محدود نہیں بلکہ تاریخی دیہات اور روایتی بازار بھی سیاحوں سے بھرے رہتے ہیں جو مقامی مصنوعات، روایتی کھانوں اور دستکاریوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

خوشگوار موسم، دلکش پہاڑی مناظر، جدید سیاحتی سہولتوں اور خدمات نے الباحہ ریجن کو سیاحوں کے لیے بہترین تفریحی مقام بنا دیا ہے جس سے علاقے کی تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ مل رہا ہے۔

 

شیئر: