الباحہ کا سمر سیزن شروع ہوتے ہی رغدان کا جنگل جگمگانے لگا
الباحہ ریجن میں رغدان کا جنگل اپنی قدرتی دلکشی، معتدل موسم اوردل موہ لینے والے فطری نظاروں کے باعث مملکت کے نمایاں سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سمرسیزن کے آغاز کے ساتھ علاقے میں سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
رغدان جنگل کے اہم پرکشش مقامات مں 650 میٹر طویل ’ممشی الغیم‘ (بادلوں میں واک وے) ہے، جہاں سیاحوں کے لیے روشنیوں کا خاص انتظام کرتے ہوئے 65 پولز نصب کیے گئے ہیں۔
مرکزی تفریحی علاقے اور لیونڈر گارڈن میں تقریبا 270 آرائشی لائٹ پولز اورجمالیاتی فن پارے نصب ہیں جو وزیٹرز کو ایک دلکش بصری تجربہ فراہم کرتے ہیں۔
موسم گرما میں رغدان جنگل کو انٹر ایکٹیو لیزر شوز، ڈائنامک لائٹنگ ڈسپلے متحرک روشنیاں اور روش آبشاروں کے ذریعے مزید بڑھایا جاتا ہے۔

رغدان جنگل میں باغات کو روشن رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ جنگل کی قدرتی خوبصورتی کو نمایاں کرنے کے لیے پیدل راستوں اور گزرگاہوں پر پولز کے بغیر زمینی روشنی کا انتظام ہے۔
جدید لائٹنگ سسٹم نے گھنے سبزہ زاروں، قدیم عرعر کے درختوں اور متنوع قدرتی خدوخال کے درمیان ایک پرسکون و دلکش ماحول پیدا کیا ہے۔

رغدان جنگل الباحہ شہر کے مغرب میں سروات کے پہاڑی سلسلے پر واقع ہے اور تہامہ کے نشیبی علاقے کی جانب نظارہ پیش کرتا ہے۔ یہ 4 لاکھ 83 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے، جس میں 3 لاکھ 84 ہزار مربع میٹر سے زیادہ سبزہ زار شامل ہیں۔ بچوں کے لیے 14 پلے گراونڈز ہیں۔
یہاں آنے والوں کے لیے پارکنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔
