سکون، دیہی ماحول اور پہاڑی مناظر، الباحہ کے ریزوٹس کی پہچان
اتوار 19 جولائی 2026 9:10
موسمِ گرما کے دوران الباحہ کے خوشگوار موسم اور قدرتی مناظر جہاں سیاحوں کے لیے باعث کشش ہیں وہاں ریزوٹس میں فراہم کی جانے والی سروسز بھی مثالی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق الباحہ ریجن کے تفریحی و سیاحتی مقامات پرموجود سمر ریزوٹس نہ صرف سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ الباحہ کو مملکت کی مثالی سیزنل ٹورازم سائٹس کے طور پر بھی نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
القریٰ کمشنری میں واقع ’اکلیل الجبل ریزوٹ‘ علاقے کی اہم سیاحتی تفریح گاہوں میں شمار ہوتا ہے جو سیاحوں کے لیے من پسند مقام بن چکا ہے۔
17 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر محیط یہ ریزوٹ القریٰ کمشنری کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی شناخت کی عکاسی کرتا ہے جبکہ علاقے کے شمالی دروازے کے طور پر بھی اس کی سیاحتی اہمیت کو مزید اجاگر کرنے کا باعث ہے۔
ریزوٹ میں سکون، دیہی ماحول اور پہاڑی مناظر کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے جو فطری سیاحت اور کھلی فضاؤں میں وقت گزارنے کے رجحان سے ہم آہنگ ہے۔

ریزوٹ کی مختلف سہولتیں وسیع رقبے پر پھیلی ہوئی ہیں اور علاقے کی مقامی شناخت کو نمایاں کرتی ہیں۔ اس کے مرکزی حصے میں ایک وسیع مقام موجود ہے جہاں بیک وقت 18 سو سے زائد افراد اکھٹے ہو سکتے ہیں۔ اس کے اطراف میں مقامی مصنوعات کی دکانیں اور سٹالز، ریستوران اور کیفے شاپس موجود ہیں جہاں سیاح کھلی فضا میں متنوع کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اس میں بچوں کے لیے مخصوص پلے گراوؤڈ کا علاقہ ہے جہاں گھڑ سواری کے لیے سہولت موجود ہیں۔

سالِ رواں کے موسم گرما میں اکلیل الجبل ریزوٹ صرف قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کا مقام نہیں رہا بلکہ اندرون ملک سیاحت کو فروغ دینے اور القریٰ کمشنری کی مقامی معیشت کو متحرک کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ منصوبہ اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ نجی شعبہ قومی ترقی میں ایک اہم و موثر شراکت دار کے طورپر معیاری سیاحتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جس سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے بلکہ الباحہ کو مملکت کی اہم سیاحتی منزل کے طور پر بھی مزید تقویت مل رہی ہے۔
