’صحت مندانہ طرزِ زندگی کا فروغ‘: جدہ میں پارکس اور عوامی سہولیات کے منصوبے
منگل 21 جولائی 2026 22:21
جدہ میونسپلٹی جسمانی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے محفوظ اور قابلِ رسائی ماحول فراہم کر رہی ہے جبکہ پارکس، واکنگ ٹریکس اور عوامی مقامات کو ترقی دی جا رہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وژن 2030 کے اہداف کے تحت متحرک اور پائیدار شہروں کی تعمیر کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
میونسپلٹی کے ترجمان محمد عبید البقمی نے بتایا کہ واکنگ ٹریک انجینیئرنگ کے اعلٰی معیار کے مطابق بنائے گئے ہیں جو معاشرے کے تمام طبقات کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔
’واکنگ ٹریکس کا مقصد محفوظ اور آرام دہ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے جو صحت مندانہ طرزِ زندگی کو فروغ دیتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ تفریحی مقامات کے ڈیزائن میں اس بات کو مدنظر رکھا گیا ہے کہ شہریوں کو متوازن سہولیات فراہم ہونے کے ساتھ ساتھ شہری ماحول کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو۔ پارکوں میں مقامی ماحول سے ہم آہنگ پودے لگائے گئے ہیں جبکہ پیدل چلنے والوں کے راستوں پر سایہ دار درختوں کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

واکنگ ٹریکس کی چوڑائی کو اس انداز میں رکھا گیا ہے کہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ ویل چیئر استعمال کرنے والوں کے لیے ڈیزائن میں عالمی معیارات اور سہولتوں کو شامل کیا گیا ہے۔
ان منصوبوں میں مناسب روشنی، سِٹنگ ایریا، شیڈ ایریا اور تمام افراد کی سیفٹی، آرام اور رسائی کو بڑھانے کے لیے علیحدہ ایک سائیکل لین بھی ہے۔

میونسپلٹی کی جانب سے عوامی مقامات کو زیادہ موثر اور پائیدار بنانے، معیار زندگی کو بڑھانے، صحت مندانہ طرز زندگی کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی اور جسمانی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تفریحی پارکس اور واکنگ ٹریکس تیار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
