عسیر کا قدیم گاؤں النصب: ریجن کی بھرپور تاریخ کی ایک دلکش جھلک
سعودی ہیریٹیج کمیشن کے ترقیاتی منصوبے کے تحت عسیر ریجن کے قدیم گاؤں النصب کی قدیم شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے بحالی کا کام مکمل کیا گیا ہے۔ یہ تاریخی گاؤں عیسر ریجن کی بھر پور تاریخ کی ایک جھلک ہے۔
ایس پی اے کے مطابق النصب اپنے منفرد طرز تعمیر کی وجہ سے خاصی اہمیت کا حامل ہے جہاں مٹی اور پتھروں سے تعمیر کی گئی عمارتیں انتہائی دلکش منظر پیش کرتی ہیں۔
یہ تعمیرات انسان اور مقامی ماحول کے گہرے تعلق کی بھی عکاس ہیں۔ یہاں موجود تاریخی عمارتوں کی تعداد 21 ہے، ان کی بحالی میں مقامی پتھر، چکنی مٹی اور عرعر کے درخت کی لکڑی کا استعمال کیا گیا۔
وادی ابھا کے گرد و نواح میں لہلہاتے سرسبز کھیتوں کے خوبصورت نظاروں کے ساتھ موجود یہ عمارتیں انتہائی دلکش منظر پیش کرتی ہیں، جنہیں دیکھ کر عہدِ رفتہ میں عملی طور پر موجودگی کا گمان گزرتا ہے۔
قدیم گاؤں کی بحالی منصوبے کے دوران پتھر اور مٹی کی دیواروں کی مرمت، بنیادی ڈھانچے کی بحالی، روایتی لکڑی کے اجزا کی مرمت، جدید روشنی کے نظام، پیدل چلنے کے راستوں اور نکاسی آب کے انتظامات کو بہتر بنایا گیا۔
یہاں قدیم تاریخی مسجد بھی اس علاقے کی اہمیت کا گواہ اور اہم شناخت ہے، اس کی تعمیر 1101 سال ہجری میں ہوئی تھی۔ یہ مسجد ولی عہد کے تاریخی مساجد کی بحالی کے منصوبے کا حصہ ہے، جس سے اس مقام کی مذہبی اور تعمیراتی اہمیت مزید اجاگر ہوتی ہے۔

النصب کی ترقی سعودی عرب کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد تاریخی ورثے کا تحفظ، ثقافتی سیاحت کا فروغ اور تاریخی مقامات کو فعال عوامی مراکز میں تبدیل کرنا ہے۔
