قصیم کے تاریخی سکلپچر جو ثقافت اور ورثے کی عکاسی کرتے ہیں
جمعرات 16 جولائی 2026 0:16
شہری منظر نامے کو بہتر بنانے کے منصوبےمکمل کیے جا رہے ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن میں چوراہے اور پبلک سکوائر علاقے کی سب سے مخصوص شہری خصوصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ یہ نہ صرف ٹریفک کو منظم کرنے بلکہ بصری علامات کے طور پر بھی کام کرتے ہیں جو ریجن کی ثقافت اور ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔
میونسپلٹی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں شہری منظر نامے کو بہتر بنانے کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
شاہراہوں اور چوراہوں کی دلکشی میں اضافے کے لیے نصب آرٹسٹک سکلپچر علاقے کے ماحولیاتی، ثقافتی اور ورثے کی خصوصیات سے متاثر ہیں۔ مقامی شناحت کی عکاسی کے ساتھ مخصوص شہری خصوصیات کو اجاگر کرتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق میونسپلٹی کا کہنا ہے ’شہر کے مرکزی مقامات کے چوراہوں پر آرٹسٹک سکلپچر کی تنصیب سے قبل اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ یہ علاقے کی ثقافت اور تاریخ سے ہم آہنگ ہوں۔‘
ان فن پاروں کی تیاری کے دوران علاقے کی تاریخ، ثقافتی ورثے اور دیگر خصوصیات کو نمایاں رکھنے کے ساتھ جمالیاتی انجینیئرنگ کے پہلووں کا بھی خیال رکھا جاتا ہے تاکہ ایسے شاہکار تخلیق کیے جائیں جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں۔

میونسپلٹی کی جانب سے نئے فن پاروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود آرٹسٹک سکلپچر کی بحالی کا کام بھی کیا گیا ہے، کیونکہ یہ شہر کی تاریخ اور مقامی شناخت کی اہم علامت مانے جاتے ہیں۔
بریدہ قصیم میں نصب متعدد فن پارے قصیم ریجن کی زرعی شناخت کی عکاسی کرتے ہیں، ان میں کھجور کے خوشوں کا سکلپچرعلاقے میں کھجور کی پیداوار کی علامت ہے، جبکہ کھجور کے درخت کا سکلپچر قصیم ریجن کی زرعی روایت کو نمایاں کرتا ہے۔
اس کے علاوہ اونٹوں کے قافلے کا فن پارہ صحرائی راستوں سے نخلستانوں کی جانب سفر کرنے والے تاریخی قافلوں کا عکاس ہے۔

بریدہ میں ’النجر‘ کا سکلپچر تقریبا 11 میٹر اونچا اور 30 برس سے زیادہ پرانا ہے۔ اسے عربی قہوہ تیار کرنے والے روایتی برتن کی شکل میں بنایا گیا یہ فن پارہ عرب مہمان نوازی اور سخاوت کی علامت مانا جاتا ہے۔
میدان السادہ، بریدہ کے قدیم ترین چوراہوں میں شمار ہوتا ہے جو مقامی شہریوں اور آنے والوں کے لیے ایک اہم علامت کی حیثیت کا حامل ہے۔

اسی طرح شہر میں نئے فن پارے بھی نصب ہیں جن میں میدان ’ہلا‘ نمایاں ہے۔ یہ فن پارہ دراصل بریدہ شہر کی ان روایتوں کی عکاسی کرتا ہے جو سرکاری سطح پر خوش آمدید کہنے سے عبارت ہے، اس پر ان کا سلوگن ’ھلا ھم ھلا‘ درج ہے۔
