العلا کا نیو آرٹس ڈسٹرکٹ: روایتی فن تعمیر اور جدید آرٹ یکجا
اتوار 26 جولائی 2026 0:03
قدیم شہر کے اندرونی راستے صرف پیدل چلنے کے لیے مخصوص ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
مملکت کے قدیم تاریخی شہر العلا کا نیو آرٹس ڈسٹرکٹ منصوبہ شہری علاقوں کی ازسرنو بحالی کی کامیاب مثال بن کر سامنے آیا ہے۔
اس منصوبے میں قدیم محلے کی اصل تعمیراتی ساخت اور تاریخی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے سماجی سرگرمیوں کے لیے ایک کھلے عوامی مقام میں تبدیل کر دیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق نیو آرٹس ڈسٹرکٹ آنے والے سیاحوں کو ابتدا سے ہی ایک منفرد تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ یہاں کی گلیاں پیدل چلنے والوں کے لے مخصوص راہداریوں میں تبدیل کر دی گئی ہیں جبکہ کھلے میدان ثقافتی تقریبات اور مختلف سرگرمیوں کے لیے مخصوص ہیں۔
عمارتوں کی دیواروں اور گزرگاہوں پر بنائے گئے دلکش فن پارے اور دیواری تصاویر العلا کے قدرتی حسن، رنگوں اور تاریخی ورثے کی عکاسی کرتے ہیں۔
قدیم شہر کے اندرونی راستوں کو صرف پیدل چلنے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ یہاں گاڑیوں کی آمد ورفت کی اجازت نہیں، جس کے باعث سیاح پُرسکون ماحول میں پیدل چلتے ہوئے روایتی فن تعمیر اور جدید آرٹ کے امتزاج سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

نیو آرٹس ڈسٹرکٹ کی نمایاں ترین خصوصیات میں راستوں پر انتہائی دیدہ زیب قالین نما پینٹنگ بنائی گئی ہے جو مختلف عمارتوں کے درمیان پھیلی ہوئی ہے۔ اس کے رنگ اور ڈیزائن العلا کے پہاڑوں، نخلستانوں اور قدرتی مناظر کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہاں متعدد ثقافتی اور تخلیقی مراکز قائم ہیں۔ العلا ڈیزائن سپیس میں ڈیزائن اورمقامی شناخت سے متعلق نمائشوں اور خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا ہے، جبکہ العلا میوزک سینٹر میں تربیتی پروگرام، ورکشاپس اور ثقافتی تبادلوں کی سرگرمیوں کا اہتمام ہوتا ہے۔

العلا پبلک لائبریری بھی اہم ثقافتی مرکز ہے، جہاں مطالعے کی سہولت کے ساتھ ساتھ ادبی نشستیں، ثقافتی تقریبات اور مختلف عمر کے افراد کے لیے تعلیمی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔
نیو آرٹس ڈسٹرکٹ میں ثقافت اور فنون کے ذریعے قدیم رہائشی مقامات کو نئی زندگی دی جارہی ہے۔

یہ منصوبہ نہ صرف محلے کی تاریخی یادداشتوں کو محفوظ رکھتا ہے بلکہ مقامی آبادی کی شمولیت کو فروغ دیتے ہوئے العلا کو فنون، ثقافت اور تخلیقی سرگرمیوں کی عالمی منزل کے طورپر مزید نمایاں بنانے میں معاون ثابت ہورہا ہے۔
