اقوام متحدہ سے سٹاک ہوم تک: سویڈن میں سعودی خاتون سفیر اسیل الشھیل کون ہیں؟
اسیل الشھیل کیریئر ڈپلومیٹ اور مملکت کی ساتویں خاتون سفیر ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی خواتین جہاں ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں، وہیں سفارتی میدان میں بھی کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں۔
سعودی عرب نے اسیل بنت سلطان الشھیل کو سویڈن میں نیا سفیر مقرر کیا ہے۔ وہ آئس لینڈ میں غیرمقیم سفیر کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیں گی۔
انہوں نے منگل کو جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
اسیل بنت سلطان الشھیل ایک کیریئر ڈپلومیٹ اور مملکت کی ساتویں خاتون سفیر ہیں۔ اقوام متحدہ سے سٹاک ہوم تک کا سفر طے کیا۔ سفارتی اور قانونی امور میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔
وہ ان پہلی سعودی خواتین میں سے ہیں، جہنوں نے اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے شعبے میں اپنے کام کے ذریعے سفارتکاری میں بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔
سال 2010 میں سعودی عرب کی جانب سے نامزد کیے جانے کے بعد اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے حقوق اطفال کی نشست پر کامیاب ہوئیں۔
اسیل الشھیل، بین الاقوامی تعلقات میں مہارت کے ساتھ پولیٹیکل سائنس میں بیچلر اور ماسٹر ڈگری ہولڈر ہیں۔ نیو یارک یونیورسٹی سکول آف لا میں بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون میں فیلو شپ بھی حاصل کی۔
سعودی وزارت خارجہ میں کیریئر کے دوران انہوں نے مسلسل ترقی کی اور 2023 میں منسٹر پلینپوٹینٹر کا عہدہ حاصل کیا۔ انہوں نے مشترکہ ورکنگ گروپس میں سعودی سفارتی وفد کی سربراہی بھی کی۔
