سعودی وزیر خارجہ سے ایرانی ہم منصب کا رابطہ
خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی (فوٹو: العربیہ)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار کی شب ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین موجودہ علاقائی صورتحال اور حالیہ ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
سعودی وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مملکت خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا موثر اور مثبت کردار جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ خطے کے تمام ممالک اور عوام کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
