Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 14 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر

حکام کے مطابق کیرالہ اور کرناٹک میں بارشوں اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں کم سے کم 14 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا کے جنوبی حصے میں اتوار کو بارش اور سیلاب نے تباہی مچائی، جن سے کیرالہ اور کرناٹک کی ریاستیں بری طرح متاثر ہوئیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق کیرالہ میں کم سے کم 11 اور کرناٹک میں تین افراد جان سے گئے جہاں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جبکہ کئی علاقوں میں سیلاب بھی آیا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں سے بڑے پیمانے پر گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور سات ہزار سات سو کے قریب کو کیرالہ میں قائم کیے گئے امدادی کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
ریاست کیرالہ کے وزیراعلیٰ وی ڈی ستھیسن کا کہنا ہے کہ وہ امدادی کیمپوں کا جائزہ لینے کے لیے خود ان کے دورے کریں گے اور وہ اس بارے میں ضلعی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
انہوں نے اتوار کو کہا تھا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں بحالی اور صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
ریاست کی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کیرالہ کے بعض علاقوں میں آج بھی تیز ہوائیں چلنے اور بارش ہونے کا امکان ہے۔
ملک کے بعض دیگر حصوں کی طرح ریاست کیرالہ بھی اس وقت مون سون کے شدید بارشوں کے سلسلے کی لپیٹ میں ہے جس کے باعث ریاست بھر میں سکول بند کر دیے گئے ہیں جبکہ اساتذہ کی بھرتی کے لیے ہونے والا ریاستی امتحان بھی مؤخر کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح قریبی ریاست کرناٹک بھی بارشوں سے شدید متاثر ہوئی ہے اور اتوار کے روز وہاں لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات ہوئے۔
انڈین اخبار دی ہندو کا کہنا ہے کہ ایسے ہی ایک واقعے میں میاں بیوی اور ان کا بیٹا جان کی بازی ہار گئے۔

شیئر: