رات کے آسمان کا تحفظ، ریزوٹس کے لیے دنیا کی پہلی عالمی معیار کی سرٹیفکیشن
روشنی کو محدود کرنے سے قدرتی تاریکی کا تحفظ ہوتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
’ریڈ سی گلوبل‘ اور ’ڈارک سکائی انٹرنیشنل‘ نے دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی ایسی سرٹیفکیشن متعارف کرائی ہے جو اُن ریزوٹس کے لیے مخصوص ہے جو رات کے آسمان کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ سرٹیفکیشن بیرونی روشنی کے ذمہ دارانہ استعمال کے طریقوں کے نفاذ کے ذریعے جنگلی حیات کے تحفظ کو فروغ دیتی ہے اور ستاروں کے مشاہدے کے لیے غیر معمولی تجربات فراہم کرتی ہے۔
’ڈارک سکائی‘ کے ضوابط کے تحت رات کے وقت مصنوعی روشنی کو محدود کرنے سے توانائی کی بچت، قدرتی تاریکی کا تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
یہ اقدام خاص طور پر رات کے وقت روشنی سے متاثر ہونے والی انواع، مثلاً سمندری کچھوؤں کے بچوں کے لیے اہم ہے۔
یہ کچھوے رات کی قدرتی روشنی کی مدد سے اپنی سمت کا تعین کرتے ہوئے ساحل سے سمندر کی جانب بڑھتے ہیں۔
اس ضمن میں ریڈ سی گلوبل گروپ کے چیف انوائرمنٹ اینڈ سسٹین ایبلٹی آفیسر کا کہنا ہے کہ کمپنی ترقی کے ہر مرحلے میں ذمہ دارانہ روشنی کے نظام کو شامل کر رہی ہے تاکہ رات کے قدرتی ماحول کا تحفظ کیا جا سکے۔

دوسری جانب ڈارک سکائی انٹرنیشنل کے سی ای او نے کہا ہے کہ دونوں اداروں نے مشترکہ طور پر ریزوٹس کے لیے خصوصی روشنی کے معیار مرتب کیے ہیں جو بڑے سیاحتی منصوبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے رات کے قدرتی ماحول کے تحفظ سے متعلق ڈارک سکائی کے معیار پر پورا اترتے ہیں۔
