امریکہ جانے والوں کے لیے 20 ہزار ڈالر کی نئی شرط، پاکستانیوں سے متعلق کیا فیصلہ ہوا؟
امریکہ جانے والوں کے لیے 20 ہزار ڈالر کی نئی شرط، پاکستانیوں سے متعلق کیا فیصلہ ہوا؟
منگل 4 اگست 2026 16:55
بانڈ کی زیادہ سے زیادہ رقم کی حد 15 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار ڈالر کر دی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے وزٹ ویزا حاصل کرنے والے بعض غیر ملکی شہریوں کے لیے 20 ہزار ڈالر تک کی ضمانتی رقم (بانڈ) جمع کرانے کی شرط مستقل بنیادوں پر نافذ کر دی ہے تاہم پاکستان ان 50 ممالک کی فہرست میں شامل نہیں ہے جن پر اس قانون کا اطلاق ہو گا۔
امریکی فیڈرل رجسٹر میں شائع ہونے والی فہرست کے مطابق یکم اگست سے نافذ العمل ہونے والے اس پروگرام میں جنوبی ایشیائی ممالک میں سے بنگلہ دیش اور نیپال شامل ہیں جبکہ پاکستان اور انڈیا اس فہرست میں موجود نہیں ہیں۔
افغانستان اور ایران کو بھی اس عمل سے الگ رکھا گیا ہے کیونکہ امریکہ کے ان کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق پاکستانی سفارتی ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ’پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل نہیں ہے جن پر اس پروگرام کا اطلاق ہوتا ہے۔‘
ویزا بانڈ کیا ہے اور کس پر لاگو ہو گا؟
یہ نیا قانون بزنس (بی۔ون) اور سیاحتی (بی۔ٹو) ویزوں کی درخواست دینے والے ان افراد پر لاگو ہو گا جن کا تعلق فہرست میں شامل 50 ممالک سے ہے۔
امریکی قونصلر افسران کیس کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے منتخب درخواست گزاروں کو ویزا جاری کرنے سے قبل 10 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک کا قابلِ واپسی بانڈ جمع کرانے کا حکم دے سکتے ہیں۔
اگر مسافر ویزے کی تمام شرائط کی پاسداری کرتا ہے اور مقررہ مدت کے اندر امریکہ سے واپس لوٹ جاتا ہے تو یہ ضمانتی رقم اسے واپس کر دی جائے گی۔
تاہم ویزے کی مدت سے زائد قیام کرنے یا شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں یہ رقم ضبط کی جا سکتی ہے۔
پائلٹ پروجیکٹ سے مستقل قانون تک
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ 2025 میں شروع کیے گئے ایک پائلٹ پروجیکٹ کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد لیا گیا ہے۔
اب کم از کم بانڈ کی حد ختم کر کے اسے 10 ہزار ڈالر کر دیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ان ممالک سے آنے والے مسافروں کے امریکہ میں غیر قانونی قیام میں نمایاں کمی دیکھی گئی اور امیگریشن قوانین کی پاسداری میں بہتری آئی۔
محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق سنہ 2024 میں ان 50 ممالک کے 45 ہزار488 شہریوں نے ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی امریکہ میں قیام کیا تھا۔ تاہم پائلٹ پروگرام کے پہلے 10 مہینوں کے دوران یہ تعداد کم ہو کر 50 سے بھی کم رہ گئی۔
اس شرط کے باعث ویزوں کے اجراء میں بھی کمی آئی ہے کیونکہ کئی درخواست گزاروں نے ضمانتی رقم جمع کرانے کے بجائے خود ہی درخواستیں واپس لے لیں۔
نئے ضوابط کے تحت جہاں اس پروگرام کو مستقل کر دیا گیا ہے، وہیں ضمانتی رقم کی حد کو بھی بڑھایا گیا ہے۔
اب کم از کم بانڈ کی حد ختم کر کے اسے 10 ہزار ڈالر کر دیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ رقم کی حد 15 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار ڈالر کر دی گئی ہے۔
ان 50 ممالک کی فہرست میں افریقہ کے 30 ممالک کے علاوہ ایشیا، کیریبین اور بحرالکاہل کے خطے کے دیگر ممالک شامل ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان ممالک کے تمام شہریوں پر بانڈ کی شرط خود بخود لاگو نہیں ہو گی بلکہ قونصلر افسران ہر درخواست کا انفرادی جائزہ لے کر اس کا فیصلہ کریں گے۔