جھینگوں کا سیزن، الشرقیہ ریجن کی مچھلی منڈیوں میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر
مچھلی فروش اگلے آنے والے دنوں میں اس بات کی امید کر رہے ہیں کہ جھینگا مچھلی کی مقدار مارکیٹ میں بڑھ جائے گی (فوٹو: ایس پی اے)
رواں برس جھینگے کے سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی قطیف کی مچھلی منڈیوں میں سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں جہاں جھینگوں سے لدی کشتیوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے اور اس دوران تھوک کے حساب سے نیلامی بھی جاری ہے اور سپلائی میں بھی بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت کی الشرقیہ ریجن کی برانچ نے اگست کے آغاز میں خلیجِ عرب کے سعودی پانیوں میں جھینگے کے شکار کے سیزن کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا تھا جو جنوری 2027 کے اختتام تک جاری رہے گا۔
یہ سیزن وزارت کی اُن کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد ماہی گیری کے سیزن کو منظم کرنا، مچھلیوں کے ذخائر کو پائیدار بنانا، غذائی تحفظ کو مضبوط کرنا، سمندری وسائل کی حفاظت کرنا اور قومی معیشت کو سپورٹ کرنا ہے۔
برانچ نے بندرگاہوں کی مکمل تیاری اور ماہی گیروں کے لیے ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کی تصدیق کی ہے۔ اس کے علاوہ برانچ کی جانب سے جامع مانیٹرنگ پلان بھی بھی نافذ کیے جا رہے ہیں جس میں بندرگاہوں، منڈیوں اور سپلائی چین کو کور کرنا شامل ہے تاکہ مصنوعات کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساحلی شہروں میں موسمی روزگار کے مواقع کو بھی سپورٹ کیا جائے۔

دوسری جانب کئی مچھلی فروشوں کو امید ہے کہ آئندہ دنوں میں مارکیٹ میں جھینگوں کی مقدار میں اضافہ ہوگا۔
ان کے مطابق جھینگے کئی اقسام اور رنگوں میں دستیاب ہیں جن میں سفید اور سرخ جھینگے شامل ہیں، اور خریدار انہیں اپنی پسند اور ان کی منفرد خصوصیات کی وجہ سے خریدتے ہیں۔
بڑے سائز کے جھینگے ستمبر میں دستیاب ہونا شروع ہوتے ہیں اور جنوری کے اختتام تک مارکیٹ میں پائے جاتے ہیں۔
