جدہ سمر نائٹس: حیّ جمیل میں ثقافتی اور آرٹسٹک سرگرمیاں عروج پر
اِن سرگرمیوں میں مختلف طرح کے تجربات پیش کیے گئے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
جدہ میں حیّ جمیل نے مختلف نوعیت کی وسیع ثقافتی اور فنی سرگرمیوں کے ذریعے شہر کے ثقافتی منظر کو مزید نکھارا ہے، معلومات سے بھرپور اور ثقافتی حُسن سے مالا مال ایک سیاحتی منزل کے طور پر اس کی پوزیشن کو مضبوط بنایا ہے۔
اِن سرگرمیوں میں مختلف طرح کے تجربات پیش کیے گئے ہیں جس سے کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ ملتا ہے۔ علم، تخلیق اور معاشرے کے مختلف طبقوں میں ہم آہنگی پیدا ہوتی ہے۔
جمیل لائبریری نے اپنے تعلیمی انیشیٹیو کے ذریعے اِن دلچسپ مشاغل میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جن میں سمر ریڈنگ چیلنج ، ریڈنگ کلب، تحریر سِکھانے اور تحقیقی و فکری سرگرمیوں کے لیے خصوصی ورکشاپس کا انتظام کیا گیا ہے۔
ان ورکشاپس میں ترجمے، تنقیدی فکر اور شہروں کی تاریخ جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے جس سے مطالعے کے کلچر کو فروغ ملتا ہے، فکری مکالمہ آگے بڑھتا ہے اور معاشرے کے مختلف طبقوں میں علمی خیالات کے تبادلے کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
یہ پروگرام صرف بڑوں تک ہی محدود نہیں رہے بلکہ فنی نمائشوں، انٹرایکٹیو سرگرمیوں اور ورکشاپس کے ذریعے بچے اور نوجوان بھی اِن پروگراموں میں شریک ہوئے ہیں۔

ورکشاپس نے فن، داستان گوئی اور بیانیے کے ہنر، یادداشت اور گرد و نواح کے ماحول کو آپس میں ملا کر ایک ایسے تعلیمی تجربے کی بنیاد ڈالی جس نے سیکھنے کے عمل اور طریقۂ بیان کو جوڑ دیا اور ساتھ ساتھ شرکاء کے مشاہدات اور فنی اظہار کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا۔
حیّ جمیل نے ایک نئے ایشیائی ریستوان کا افتتاح کر کے اپنے مہمانوں کے تجربے کو اور بھی لطف انگیز بنا دیا جس میں ثقافت، فنون اور میزبانی ایک ہی قالب میں ڈھل گئے۔

اس پروگرام میں نظر آنے والا تنوع اور رنگا رنگا پروگرام، جدہ شہر کے ثقافتی منظر نامے کو خوبصورت بنانے میں حّی جمیل کے کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔
ایسے انیشیٹیوز کے ذریعے جو فن، علم اور کمیونٹی کی تعلیم کو ایک جگہ جمع کر دیتے ہیں، سعودی وژن 2030 سے ہم آہنگ ہو کر حّی جمیل کا ادارہ ثقافتی شرکت کے مواقع کو وسعت دے رہا ہے اور شہر کو تخلیق کے مرکز کے طور پر دنیا کے سامنے لا رہا ہے جس کا مقصد ثقافتی شعبے کو ترقی دینا اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
