خواتین پر تشدد کا الزام، اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ کا ٹیٹ برادران کی حوالگی کے اقدامات کا خیرمقدم
خواتین پر تشدد کا الزام، اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ کا ٹیٹ برادران کی حوالگی کے اقدامات کا خیرمقدم
جمعرات 6 اگست 2026 9:32
اینڈریو ٹیٹ اور ان کے بھائی ٹرسٹن اس وقت امریکی تحویل میں ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اقوامِ متحدہ کی خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد پر خصوصی نمائندہ نے بدھ کو شدت پسند سوشل میڈیا انفلوئنسر اینڈریو ٹیٹ کی حوالگی کے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے، چاہے اس کا مقام یا حیثیت کچھ بھی ہو۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹیٹ انٹرنیٹ پر موجود ’مینوسفیئر‘ نامی نیٹ ورک کے نمایاں ترین حامیوں میں سے ایک ہیں، جو روایتی مردانگی، نسوانیت مخالف نظریات اور خود کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔
اینڈریو ٹیٹ اور ان کے بھائی ٹرسٹن اس وقت امریکی تحویل میں ہیں جبکہ برطانیہ ان کی حوالگی چاہتا ہے تاکہ وہ ریپ، جنسی سمگلنگ اور حملے کے نئے الزامات کا سامنا کر سکیں۔
اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ ریم السالم نے کہا کہ ان بھائیوں کے خلاف کارروائی خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے سنگین الزامات پر جواب دہی یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سالہا سال تک قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پراسیکیوٹرز نے ان خواتین کی گواہیوں اور تجربات کو نظرانداز کیا جو ٹیٹ برادران کے خلاف معتبر الزامات لے کر سامنے آئیں۔ یہ حالیہ کارروائیاں اس بات کی نئی امید دلاتی ہیں کہ انصاف بالآخر حاصل ہو سکتا ہے۔‘
السالم نے مزید کہا کہ ’بالخصوص الزامات کی وسعت اور ٹیٹ برادران کے عالمی اثر و رسوخ کو دیکھتے ہوئے، جو عورت دشمنی اور نقصان دہ مردانگی کے ماڈلز کو فروغ دیتے ہیں، یہ نہایت ضروری ہے کہ وہ انصاف کا سامنا کریں۔‘
اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندے آزاد ماہرین ہوتے ہیں جنہیں انسانی حقوق کونسل مقرر کرتی ہے تاکہ وہ اپنے شعبے میں نتائج پیش کریں۔ وہ اقوامِ متحدہ کی نمائندگی نہیں کرتے۔
ٹیٹ اپنی تقسیم پیدا کرنے والی سوچ، جس میں اکثر ’الفا میل‘ اور جارحانہ عورت دشمنی کے موضوعات شامل ہوتے ہیں، کو لاکھوں افراد تک پہنچاتے ہیں، جن میں صرف پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک کروڑ آٹھ لاکھ فالوورز شامل ہیں۔
ٹیٹ برادران کو مجموعی طور پر 59 الزامات کا سامنا ہے، 42 اینڈریو کے خلاف اور 17 ٹرسٹن کے خلاف۔
ٹیٹ برادران برطانوی-امریکی دوہری شہریت رکھتے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پرجوش حامی رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
میامی میں گرفتاری
گذشتہ ماہ امریکی حکام نے ٹیٹ اور ان کے چھوٹے بھائی کو میامی میں گرفتار کیا، جسے ان کے وکیل نے ’سیاسی طور پر محرک اقدام‘ قرار دیا۔
ٹیٹ برادران اپنی حوالگی کو چیلنج کر رہے ہیں اور ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ بے قصور ہیں۔
ٹیٹ برادران برطانوی-امریکی دوہری شہریت رکھتے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پرجوش حامی رہے ہیں۔
رومانیہ میں، جہاں وہ حالیہ برسوں میں مقیم رہے ہیں، ان پر نابالغوں کی سمگلنگ، نابالغ کے ساتھ جنسی تعلق اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔
السالم نے کہا کہ ’اکثر اوقات خواتین کے خلاف تشدد کرنے والے تاخیر، مختلف دائرۂ اختیار کے ردعمل اور اپنی دولت، طاقت یا عوامی اثر و رسوخ کا فائدہ اٹھا کر جواب دہی سے بچ نکلتے ہیں۔‘