مکہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کے گہرے تعلقات کا عکاس ہے، شہزادہ فیصل بن فرحان
کسی ایک ملک پر حملہ رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط، تینوں ممالک کے مابین گہرے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کا مظہر ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس معاہدے پر دستخط سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے سفرمیں ایک اہم سنگ میل ہیں اور خطے کے امن و استحکام کو درپیش چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کےلیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا واضح وعملی اظہار بھی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کا مشترکہ معاہدے کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ، مکہ دفاعی معاہدہ، تینوں ممالک کی مشترکہ سیاسی قیادت کی جانب سے علاقائی سلامتی اور استحکام کے فروغ کے عزم کی بھی ترجمانی کرتا ہے، جس کے ثمرات تینوں ممالک اور ان کے عوام تک پہنچیں اور پورا خطہ امن، ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پرگامزن ہو۔
خیال رہے آج بروز جمعہ ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوگان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ پر دستخط کیے۔
معاہدے کے مطابق تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر ہونے والا مسلح حملہ تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائےگا۔