قطر اور کویت کی جانب سے نجران پر حوثیوں کے حملے کی مذمت
حملوں کو مملکت کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف قرار دیا گیا(فوٹوُ، ایکس)
سعودی عرب کے نجران ریجن پر جمعرات کو حوثیوں کے حملے پر قطر اور کویت کی جانب سے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مملکت کی سلامتی اور عالمی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق قطری وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں نجران پر حوثیوں کی جانب سے کیے گئے حملے میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے مملکت کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کویتی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ حملے مملکت کی خود مختاری، علاقائی سالمیت، بین الاقوامی قانون اور عالمی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی اور علاقائی سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچانے والا عمل ہے‘۔
بیان میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کی۔
خیال رہے جمعرات کو حوثیوں کی جانب سے نجران ریجن کے جنوبی سرحدی علاقے پر ہونے والے حملوں میں سعودی شہریوں اورغیرملکیوں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔