انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ: سعودی عرب چار اعزازات کے ساتھ سرفہرست
اولمپیاڈ ’ایک روشن مستقبل کے لیے روشن ذہن‘ کی تھیم کے تحت منعقد کیا گیا۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب نے جدہ میں منعقدہ انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2026 کے تیسرے ایڈیشن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سعودی طلبہ نے چار میڈل جیتے اور ’نیوکلیئر سائنس ایمبیسڈر‘ کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
یہ ایونٹ کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں 2 سے 9 اگست تک ’ایک روشن مستقبل کے لیے روشن ذہن‘ کی تھیم کے تحت منعقد کیا گیا۔
کنگ فیصل ہال فار کنونشنز میں نتائج کے اعلان کے ساتھ اولمپیاڈ اختتام پذیر ہوا،جس میں جس میں پاکستان سمیت 19 ممالک سے 120 طلبا اور ماہرین نے وفود اور سپروائزرز کے ہمراہ شرکت کی۔
سعودی طالب علم امجد محمود عیسی آل درویش نے مجموعی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈل جیتا۔ پریکٹیکل اور تھیوری امتحانات میں سب سے زیادہ مجموعی سکور پر ’نیوکلیئر سائنس ایمبیسڈر‘ کا اعزاز حاصل کیا۔
سعودی طالبہ جنی صالح عبداللہ السبیل نے بھی گولڈ میڈل جیتا۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے انہیں اولمپیاڈ کی بہترین طالبہ قرار دیا گیا۔

سعودی طالبعلم عبدالعزیز عبدالمحسن الشریط نے سلور میڈل جیتا، جبکہ صالح مبارک الحربی نے براؤنز میڈل حاصل کیا۔ بین الاقوامی مقابلے میں چار اعزازات حاصل کرنا مملکت کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
اس اولمپیاڈ کا انعقاد وزارت تعلیم، موھبہ، کنگ عبدالعزیز سٹی فار اٹامک اینڈ رینیوایبل انرجی کے مشترکہ تعاون سے کیا جبکہ اس کی میزبانی کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی نے کی۔
اولمپیاڈ ہائی سکول کے طلبہ کو جوہری سائنس سے متعلق اپنی معلومات اور صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اور دنیا بھر کے نوجوان محققین کے درمیان سائنسی مہارت، جدت اور باہمی تعاون کو فروغ دیتا ہے۔
