Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ بھی شریک

نیوکلیئر سائنس کے شعبے میں علم اور تجربات کا تبادلہ کریں گے۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ (آئی این سی او 2026) کے تیسرے ایڈیشن میں پاکستانی طلبہ کی ٹیم بھی شریک ہے۔
اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا ’ہمیں اولمپیاڈ میں شرکت کرنے والے پاکستانی ٹیم کے ارکان کا، ان کے دوسرے ملک سعودی عرب میں خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔‘
پاکستانی وفد طلبہ سمیت 8 ارکان پر مشتمل ہے، جو نیوکلیئر سائنس اور اس کی پُرامن ایپلی کیشنز کے شعبے میں علم اور تجربات کا تبادلہ کریں گے۔
سفارتخانے نے پوسٹ میں مزید لکھا ’ہم پاکستانی طلبہ کی ٹیم کی کامیابی اور نمایاں کارکردگی کے لیے دُعا گو ہیں۔‘
 اولمپیاڈ اتوار 2 سے 9 اگست تک جدہ میں جاری ہے۔ 19 ملکوں کے 60 طلبہ، 6 گلوبل ٹیم لیڈرز اور ماہرین اس میں شریک ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ جو 2024 میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے تحت قائم کیا گیا، ایک عالمی سائنسی پلیٹ فارم ہے۔
اس مقابلے کا مقصد نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پُر امن اور محفوظ استعمال کو فروغ دینا، نوجوانوں کو اس شعبے میں مہارت حاصل کرنے اور جدت لانے کی ترغیب دینا ہے۔ 
کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں ہونے والے اس ایونٹ کا اہتمام وزارت تعلیم، کنگ عبدالعزیز اینڈ کمپینیئنز فاؤنڈیشن فار گفٹڈنیس اینڈ کریٹیویٹی ( موھبہ) اور کنگ عبداللہ سٹی فار اٹامک اینڈ رینیوایبل انرجی نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔
یاد رہے سعودی عرب پہلے بھی بین الاقوامی سائنسی مقابلوں کی میزبانی کرتا رہا ہے۔ الشرقیہ ریجن نے 2025 میں ایشین فزکس اولمپیاڈ جبکہ ریاض نے 2024 میں انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ کی میزبانی کی تھی۔
سعودی عرب نے 2024 میں فلپائن اور 2025 میں ملائیشیا میں ہونے والے انٹرنیشنل نیو کلیئر سائنس اولمپیاڈ میں شرکت کی اور پانچ بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کیے۔

 

شیئر: