Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کے شرکاء کے لیے موہبہ کی ثقافتی شام

پروگرام کی اختتامی تقریب میں طلبا اور بین الاقوامی وفود نے ثقافت، ورثے اور تفریحی تجربات کو دیکھا (فوٹو: ایکس موھبہ)
کنگ عبدالعزیز اینڈ ہِزکمپینینز فاؤنڈیشن فار گفٹڈنیس اینڈ کریٹیویٹی (موہبہ) نے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2026 کے تیسرے ایڈیشن کے پریکٹیکل اور تھیوری کے امتحانات کے اختتام پر ایک ثقافتی شام کا انعقاد کیا جس میں پاکستان سمیت 19 ممالک سے 120 طلبا اور ماہرین نے وفود اور سپروائزرز کے ہمراہ شرکت کی۔

 

سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس شام نے جواولمپیاڈ کی اہم ترین ثقافتی تقریبات میں سے ایک تھی، شرکاء کو ایک خوشگوار ماحول میں جشن منانے، ایک دوسرے سے رابطے کرنے اور سعودی ثقافت کا تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔

 

یہ ثقافتی شام اولمپیاڈ کے کلچرل پروگرام کا حصہ تھی جو سعودی عرب کی میزبانی میں 2 سے 9 اگست تک جدہ میں منعقد ہونے والے ایونٹ کے دوران پیش کی گئی۔
اس اولمپیاڈ کا انعقاد وزارت تعلیم، موہبہ، کنگ عبدالعزیز سٹی فار اٹامک اینڈ رینیوایبل انرجی کے مشترکہ تعاون سے کیا جا رہا ہے جبکہ اس کی میزبانی کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کر رہی ہے۔
مملکت کے شاندار ورثے اور روایتی مہمان نوازی کی عکاسی کرتے ہوئے جشن کے ماحول میں سعودی عرضہ (رقص) کی شاندار پیشکش کے ساتھ شرکاء کا استقبال کیا گیا۔ طلبا اور بین الاقوامی وفود نے ثقافت، ورثے اور تفریح تجربات کو دیکھا جن میں بازوں کی نمائشیں اور روایتی عربی نشست گاہیں شامل تھیں۔

پاکستان سمیت 19 ممالک کے طلبہ اور ماہرین نے شرکت کی(فوٹو: ایکس موھبہ)

اس شام میں روایتی دستکاروں اور ان کے فن پاروں، وراثتی کھیلوں، روایتی لباس کے تجربات اور ماضی کے انداز میں سجائی گئی نشست گاہوں کو بھی پیش کیا گیا جنہوں نے شرکاء کو سعودی ثقافتی شناخت کے دریافت کرنے کا موقع فراہم کیا۔
اس کے علاوہ لوک فنکاروں کی پیشکشوں نے سعودی عرب کے ثقافتی ورثے کی گہرائی اور شادابی کو مزید نمایاں کیا۔

شیئر: