سعودی عرب کی امدادی سرگرمیاں تیز، افغانستان میں فوڈ باسکٹس اور غزہ میں گرم کھانے تقسیم
انڈونیشا میں رضاکارانہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری پروجیکٹ مکمل کیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی نے بین الاقوامی سطح پر امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ افغانستان اور غزہ میں خوراک کی تقسیم جبکہ انڈونیشیا میں رضاکارانہ طبی منصوبہ مکمل کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق افغانستان کے صوبہ لغمان میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں 70 فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئی ہیں۔ 70 خاندانوں کے 490 افراد نے فائدہ اٹھایا۔
یہ امداد اس سال افغانستان کے وسطی، مشرقی اور جنوب مشرقی علاقوں میں سیلاب متاثرین کے لیے فوڈ سکیورٹی اور ایمرجنسی پروجیکٹ کا حصہ ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب کے جاری امدادی اور انسانی منصوبوں کا حصہ ہے، جس پر شاہ سلمان مرکز کے ذریعے دنیا بھر میں آفات سے متاثرہ اور انتہائی ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے عملدر آمد کیا جاتا ہے۔
سعودی امدادی ایجنسی غزہ میں سینٹرل کچن کے ذریعے فلسطینی عوام کے مصائب کو کم کرنے کی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

وسطی اور جنوبی غزہ میں انتہائی کمزور گروپوں میں 25 ہزار گرم کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے گئے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے انڈونیشا کے مغربی سماٹرا صوبے میں رضاکارانہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری پروجیکٹ مکمل کیا ہے، جس میں 16 طبی ماہرین نے شرکت کی۔
طبی ٹیم نے 53 مریضوں کا معائنہ کیا۔ 25 اوپن ہارٹ سرجری اور دو کارڈیک کیتھیٹرائزیشن پروسیجر کامیابی سے مکمل کیے۔
