یمن: سعودی امدادی ایجنسی 13 سکولوں کو بحال اور تعمیر کرے گی، معاہدے پر دستخط
سول سوسائٹی کی تنظیم کے ساتھ ایگزیکٹیو پروگرام پر دستخط کیے گئے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز نے یمن کے الضالع اور لحج گورنریٹس میں 13 سکولوں کی تعمیر اور بحالی کے لیے سول سوسائٹی کی ایک تنظیم کے ساتھ ایگزیکٹیو پروگرام پر دستخط کیے ہیں، جس سے 59 ہزار 851 افراد مستفید ہوں گے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کے اسسٹنٹ سپر وائزر جنرل برائے آپریشنز اینڈ پروگرامز، احمد البایز نے وڈیو کانفرنس کے ذریعے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس معاہدے کے تحت دیہی اور دور دراز علاقوں میں واقع 13 پرائمری اور سکینڈری سکولوں کو نئی عمارتیں اور اپ گریڈ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
پراجیکٹ میں 45 سے زیادہ آراستہ کلاس رومز شامل ہیں، تاکہ اوور کراوڈنگ کے مسئلے کو کم کیا جا سکے۔
یہ منصوبہ، یمن میں تعلیم کی سپورٹ کےلیے شاہ سلمان مرکز کے ذریعے سعودی عرب کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ اس سے پہلے ایک ہزار 200 سے زیادہ تعلیمی مراکز کی مدد کی جا چکی ہے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے المکلا، حضر موت گورنریٹ میں 25 خواتین میں ووکیشنل ٹریننگ کٹس تقسیم کی ہیں۔ یہ کٹس، فوڈ پروسیسنگ، ٹیلرنگ اور دستکاری جیسے شعوں میں تربیت کے بعد فراہم کی جاتی ہیں۔ جس سے خواتین کو پائیدار آمدنی کے حصول اور اپنے خاندانوں کی کفالت میں مدد ملتی ہے۔
یہ منصوبہ خواتین کو با اختیار بنانے اور انساانی امداد کے ذریعے پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے مملکت کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
