سعودی عرب نے نیا امدادی قافلہ غزہ بھیج دیا، افغانستان میں فوڈ باسکٹس تقسیم
جمعرات 13 اگست 2026 23:29
امدادی قافلے میں بڑی تعداد میں فوڈ باسکٹس شامل ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے جمعرات کو فلسطینی عوام کے لیے امدادی مہم کے ایک حصے کے طور پر شاہ سلمان مرکز کے ذریعے ایک نیا قافلہ غزہ بھیجا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق امدادی قافلے میں بڑی تعداد میں فوڈ باسکٹس شامل ہیں۔
سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج جو غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے نے یہ امداد وصول کی۔ یہ امداد خوراک کی یومیہ تقسیم کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔
نیا امدادی قافلہ ایسے وقت غزہ پہنچا ہے جب یہاں کی آبادی سنگین انسانی صورتحال سے دوچار ہے۔ خوراک کا حصول ہزاروں خاندانوں کے لیے روز مرہ کی سب سے اہم ضرورت میں سے ایک ہے۔
علاوہ ازیں سعودی امدادی ایجنسی کے سینٹرل کچن نے وسطی اور جنوبی غزہ میں انتہائی کمزور طبقات میں مزید 25 ہزار گرم کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے ہیں۔
یہ کوششیں فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جاری مملکت کے انسانی کردار کا حصہ ہیں جو شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فلسطینیوں کے مصائب کو کم کرنے اور جاری انسانی بحران سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے کی جا رہی ہیں۔

علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے افغانستان کے صوبہ خوست میں سیلاب سے متاثرین میں 100 فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں جس سے 700 افراد نے فائدہ اٹھایا۔
یہ امداد افغانستان کے وسطی، مشرقی اور جنوب مشرقی علاقوں میں سیلاب متاثرین کے لیے 2026 کے فوڈ سکیورٹی اور ایمرجنسی پلان کا حصہ ہے۔
