فالکنری کی ثقافت: امریکی ناظم الامور نے فالکن بریڈرز آکشن 2026 کا دورہ کیا
جمعرات 13 اگست 2026 19:17
نیلامی میں مقامی اور بین الاقوامی فالکن بریڈنگ فارمز شریک ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
مملکت میں امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور جینیفر لارسن نے جمعرات کو سعودی نیشنل سینٹر فار فالکنز کے تحت ’انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن 2026 کا دورہ کیا۔
یہ ایونٹ ریاض کے شمال میں ملہم میں واقع سینٹر کے ہیڈ کوارٹر میں جاری ہے۔ نیلامی میں مقامی اور بین الاقوامی فالکن بریڈنگ فارمز شریک ہیں۔
امریکی ناظم الامور کو نیلامی کی سرگرمیوں، ایونٹ میں شریک فالکن بریڈنگ فارمز اور بھر پور ثقافتی ورثے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے آکشن پویلین کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے فالکنز کی سب سے نمایاں انواع دیکھیں اور ان کی دیکھ بھال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
امریکی ناظم الامور نے ایونٹ میں شریک فارمز کے پویلین، فالکنری سپلائی پویلین اور فالکنز آف دی فیوچر پویلین کا بھی دورہ کیا۔

انہوں نے نیلامی کی چوتھی رات میں بھی شرکت کی جہاں چار فالکن فروخت کے لیے موجود تھے۔
جینیفر لارسن نے اس موقع پر کہا ’فالکنری کی ثقافت ناقابل یقین ہے، اس کی جڑی بہت گہری ہیں اور اس کا بہت احترام کیا جاتا ہے۔‘

یہ ایونٹ اعلیٰ نسل کے پرندوں کے لیے ایک منفرد بین الاقوامی پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جسے ٹیلی ویژن چینلز کے ساتھ ساتھ نیشنل سینٹر فار فالکنز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی براہِ راست نشر کیا جا رہا ہے۔
انٹرنیشنل فالکن بریڈنگ فارمز آکشن لوگوں کے لیے 25 اگست تک روزانہ کھلی رہے گی۔
