انٹرنیشنل فالکن بریڈنگ فارمز آکشن: دنیا بھر سے اعلیٰ نسل کے بازوں کی نیلامی
انٹرنیشنل فالکن بریڈنگ فارمز آکشن وزیٹرز کے لیے 25 اگست تک روزانہ کھلی رہے گی (فوٹو: ایس پی اے)
انٹرنیشنل فالکن بریڈنگ فارمز آکشن صرف بازوں کی نمائش اور فروخت تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ یہ ریاض کے شمال میں واقع ملہم میں قائم نیشنل فالکن سینٹر میں مختلف ممالک کے تجربات اور افزائش کے سکولوں کو ایک چھت تلے اکٹھا کرتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ہر فارم اپنی مخصوص بلڈ لائنز، افزائش کے طریقے اور انتخاب کے معیار کو پیش کرتا ہے جس نے مختلف فارمز کے درمیان راہداریوں کو بازوں کا موازنہ کرنے اور اُن کی پیدائش و پرورش کے پیچھے موجود مہارتوں کے تبادلے کی جگہ میں بدل دیا ہے۔
نمائش میں رکھے گئے بازوں میں جیر فالکن، پیریگرین، شاہین اور ان کے مختلف اقسام شامل ہیں۔
بریڈرز اور فالکنرز کی جانب سے مطلوبہ خصوصیات، فالکن کے استعمال کے مقصد کے مطابق مختلف ہوتی ہیں۔ ریسنگ فالکنز کے لیے نسل، رفتار، جسمانی فٹنس، اور اس کے خاندان کی سابقہ کامیابیاں اہم سمجھی جاتی ہیں جبکہ خوبصورتی کے مقابلوں میں فالکن کے قدوقامت، رنگ، سر، پروں اور سینے کے ساتھ ساتھ دیگر ایسی خصوصیات کو بھی جانچا جاتا ہے جنہیں تجربہ کار فالکن ہینڈلرز اہم سمجھتے ہیں۔
بین الاقوامی فارمز کی شرکت ان خصوصیات کو فروغ دینے کے مختلف انداز کو اجاگر کرتی ہے۔ مثال کے طور پر، ایک پرتگالی فارم ’وائلڈ ہیکنگ‘ کا طریقہ کار استعمال کرتا ہے، جس کے تحت کمسن بازوں کو تربیت سے پہلے ان کی جسمانی تندرستی اور پٹھوں کو مضبوط بنانے کے لیے کھلی ہوا اور تیز ہواؤں والے پہاڑی علاقوں میں آزاد چھوڑ دیا جاتا ہے۔
دیگر یورپی فارمز والدین اور بہن بھائیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر ریسنگ کے لیے مخصوص بلڈ لائنز تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔

کینیڈین، فننش اور سکاٹش نسلوں کے ساتھ وہ نسلیں بھی موجود ہیں جنہیں فارمز نے سالہا سال کے انتخاب کے بعد تیار کیا ہے۔ مقامی سعودی فارمز بھی مقابلے کے لیے بہترین باز تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں جو بین الاقوامی بریڈرز اور فالکنرز کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پرندوں کا موازنہ کرتے ہیں اور مارکیٹ کے رجحانات پر نظر رکھتے ہیں۔
اس تنوع کی اہمیت صرف نسلوں کے ناموں تک محدود نہیں ہے۔ ہر باز اپنے فارم کی کہانی، اپنی پرورش اور ان خصوصیات کی داستان کا حامل ہوتا ہے جن کی بنا پر اس کا انتخاب کیا گیا۔ اس طرح یہ نیلامی مختلف افزائشی مکاتبِ فکر کا ایک ایسا میٹنگ پوائنٹ بن جاتی ہے جو ایک مشترکہ ہدف سے جڑے ہیں جس کا مقصد ایسے باز تیار کرنا ہے جو نیلامی کا پلیٹ فارم چھوڑ کر مقابلے کے میدان میں داخل ہونے کے بعد اپنی اعلیٰ کیفیت ثابت کریں۔

چار باز مجموعی طور پر دو لاکھ 3250 سعودی ریال میں فروخت
ریاض کے شمال میں واقع ملہم میں نیشنل سینٹر فار فالکنز کے ہیڈ کوارٹر میں جاری انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن 2026 کی چوتھی شام چار باز مجموعی طور پر دو لاکھ 3250 سعودی ریال میں فروخت ہوئے۔
شام کا آغاز سلووینیا کے ایک فارم کے خالص جیر فالکن کے کمسن بچے سے ہوا جس کی بولی 50,000 ریال سے شروع ہو کر 1,35,000 ریال پر ختم ہوئی۔
اس کے علاوہ پرتگالی فارم کا ایک کمسن پیریگرین 21000 ریال میں، کینیڈین فارم کا ایک جیر ساکربچہ 17,250 ریال میں، اور پرتگالی فارم ہی کا دوسرا کمسن پیریگرین شام کے اختتام پر 30,000 ریال میں فروخت ہوا۔

یہ نیلامی اعلیٰ نسل کے پرندوں کے لیے ایک منفرد بین الاقوامی پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جسے ٹیلی ویژن چینلز کے ساتھ ساتھ نیشنل سینٹر فار فالکنز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی براہِ راست نشر کیا جا رہا ہے۔
انٹرنیشنل فالکن بریڈنگ فارمز آکشن لوگوں کے لیے 25 اگست تک روزانہ کھلی رہے گی۔
