کھجور کی پیداوار اور برآمدات: مدینہ ریجن کا زرعی شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن
رپورٹ میں خطے کی امید افزا زرعی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ ریجن کے زرعی شعبے نے تمام معاشی شعبوں میں سب سے زیادہ 44 فیصد ترقی ریکارڈ کی ہے جس کی بڑی وجہ خطے میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبے ہیں۔
مدینہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایک رپورٹ کے مطابق زرعی شعبے میں کمرشل رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے جو مارچ 2025 میں 375 تھی اور اب بڑھ کر 540 ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں خطے کی امید افزا زرعی سرگرمیوں کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مدینہ ریجن کھجور کی پیداوار کے لحاظ سے مملکت کا تیسرا سب سے بڑا علاقہ ہے۔
یہاں کھجور کی پیداوار تین لاکھ 44 ہزار ٹن تک پہنچ چکی ہے جو قومی پیداوار کا 18فیصد ہے۔
ریجن میں 26 ہزار سے زائد فارمز میں آٹھ ملین سے زائد کھجور کے درخت موجود ہیں جو مقامی استعمال کے لیے مختلف اقسام کی کھجوریں فراہم کرتے ہیں۔
مدیینہ ریجن سے 60 سے زائد ملکوں کو سالانہ 41.5 ملین کلوگرام سے زیادہ کھجوریں برآمد کی جاتی ہیں۔
ریجن میں کھجور کی 39 فیکٹریاں موجود ہیں۔ یہ فیکٹریاں سالانہ تقریباً 1.067 ملین ٹن کھجور کی مصنوعات تیار کرتی ہیں جبکہ پیکیجنگ اور پروسیسنگ کے لیے 785,500 ٹن کھجوریں مختص کی جاتی ہیں۔

مدینہ ریجن مملکت کی مجموعی کھجوروں کی برآمدات میں تقریباً 13 فیصد حصہ فراہم کرتا ہے۔ کھجور کی پروسیسنگ، پیکیجنگ اور برآمدات نمایاں تجارتی سرگرمیاں ہیں۔
یہ سرگرمیاں فوڈ پروسیسنگ کی سپورٹ، زرعی مصنوعات کی قدر میں اضافے، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ سعودی برآمدات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کر رہی ہیں۔
