زمینی راستے سے سعودی عرب کے لیے لبنانی برآمدات کا آغاز
جمعرات 20 اگست 2026 20:50
شام کے ساتھ المصنع بارڈر کراسنگ پر جدید سکینر نصب گیا ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
لبنان میں سعودی سفیر فہد بن عبدالرحمن الدوسری نے جمعرات کو لبنان سے سعودی عرب کے لیے برآمدات کے تیسرے مرحلے کا افتتاح کیا ہے۔ لبنانی مصنوعات بیروت اور شام کے درمیان واقع المصنع بارڈر کراسنگ سے مملکت پہنچیں گی۔
ایس پی اے کے مطابق افتتاحی تقریب میں لبنانی وزیر تعمیرات عامہ و ٹرانسپورٹ فایز رسامنی نے وزیر اعظم کی نمائند گی کی جبکہ متعدد سرکاری عہدیدار بھی موجود تھے۔
فایز رسامنی نے لبنانی مصنوعات کی درآمدات دوبارہ شروع کرنے کے مملکت کے فیصلے کو سراہا۔ اس فیصلے کو قومی معیشت کے لیے براہ راست سپورٹ اور ایک ایسا قدم قرار دیا جو لبنانی پروڈیوسز کے لیے نئے مواقع کھولتا ہے۔
لبنانی کسٹم حکام نے شام کے ساتھ المصنع بارڈر کراسنگ پر ایک جدید سکینر نصب کیا ہے۔
نئی سکینگ ڈیوائسز سے ممنوعہ اشیا کا پتہ لگانے اور کنٹرول کو سخت کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنائے جانے کی توقع ہے جبکہ کراسنگ کے ذریعے ٹرکوں، گاڑیوں اور سامان کی ٹرانسپورٹیشن کو بھی تیز کیا جائے گا۔
سعودی سفیر فہد بن عبدالرحمن الدوسری نے سکینر کا معائنہ کیا جو کئی دنوں سے بارڈر کراسنگ پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’زمینی راستے کو تجارت کے لیے دوبارہ کھولنا دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے تسلسل کی نشاندہی کرتا ہے۔ مملکت کو لبنان کی ریاست پر اعتماد ہے۔ اس اعتماد کے بغیر ہم یہاں نہیں ہوتے۔‘
انہوں نے لبنان کے صدر، وزیراعظم اور وزرا کی کوششوں کی تعریف کی۔ سعودی عرب کی جانب سے لبنان کی سرزمین پر ریاستی خود مختاری کی بحالی کے لیے سپورٹ کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سعودی عرب کے لیے لبنان کی برآمدات پابندی سے پہلے کے ریکارڈ حجم سے تجاوز کر جائیں گی۔
