وزیراعظم نواف سلام سے سعودی سفیر کی ملاقات، مملکت کے لیے لبنانی برآمدت آج سے بحال
سعودی سفیر نے سعودی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا ( فوٹو: ایس پی اے)
لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے سنیچر کو بیروت میں سعودی عرب کے نئے سفیر فہد بن عبدالرحمن الدوسری کا خیر مقدم کیا۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی سفیر نے سعودی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا۔
لبنانی وزیراعظم نے سعودی سفیر کو ان کی نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کی خواہش ظاہر کی، سعودی عرب اور لبنان کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

ایس پی اے کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب دونوں ممالک تعاون کو فروغ دینے اور اپنے تعلقات کو مصبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
علاوہ ازیں سعودی سفیر فہد الدوسری نے سنیچر کو بیروٹ کی بندرگاہ پر ایک تقریب کے دوران سعودی مارکیٹ کے لیے لبنانی برآمدات کی بحالی کا افتتاح کیا۔
تقریب میں لبنانی وزیراعظم نواف سلام، وزرائے خزانہ، صنعت، زراعت، تجارت، حکومتی اداروں کے سربراہان، سیاسی، تجارتی اور میڈیا شخصیات کے علاوہ سفارتکار موجود تھے۔
بیروت کی بندرگاہ سے لبنانی برآمدات کی پہلی شپمنٹ جدہ اسلامک پورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔ بیروت کی بندرگاہ پر جدید کارگو سکینگ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے لبنانی صدر اور وزیراعظم کی درخواست پر مملکت کو لبنانی برآمدات کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
لبنانی حکومت کی جانب سے ریاستی اداروں کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے مثبت اقدامات، گزشتہ ایک برس کے دوران متعلقہ ٹیموں کی کاوشوں اور سعودی حکام کے ساتھ لبنان کے تعاون اور مطلوبہ یقین دہانیوں کو بھی اس فیصلے کی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔
