Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آبی حیات کی اہم منزل: جزائر فرسان کے محفوظ علاقے میں بروڈس وہیل کی موجودگی

یہ وہیل سال کے مخصوص دنوں میں بار بار نمودار ہوئی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف نے ریگولر میرین مانیٹرنگ اور فیلڈ سروے کے دوران جزائر فرسان کے میرین پروٹیکٹڈ ایریا میں نایاب بروڈس وہیل جسے حوت بریدی بھی کہا جاتا ہے، کی بار بار موجودگی کا مشاہدہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ مشاہدات میرین پروٹیکٹڈ ایریا میں اس نوع کی موجودگی کے وقت اور رجحانات کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتے ہیں۔ 
حالیہ مشاہدہ 18 اگست کو ریکارڈ کیا گیا جب ایک ٹیم نے فیلڈ سروے کے دوران میرین پروٹیکٹڈ ایریا کے مغرب میں واقع خور زفاف کے قریب ایک بروڈس وہیل کو خوراک حاصل کرتے دیکھا۔
یہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران ان مشاہدات کا حصہ ہے جو ریزرو کے مختلف مقامات پر دستاویز کیے گئے. مئی 2023 سے اگست 2026 کے درمیان بروڈس وہیل کی موجودگی کے متعدد مشاہدات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
نومبر 2025 میں بھی جزائر فرسان کے پروٹیکٹڈ ایریا کے پانیوں میں نایاب نسل کی ایک بروڈس وہیل دیکھی گئی تھی۔
یہ نوع سال کے مخصوص دنوں خصوصا اگست، جولائی، ستمبر اور اکتوبر میں بار بار نمودار ہوئی ہے۔ کئی مشاہدات ریزرو کے جنوب اور مغرب کے قریبی علاقوں میں کیے گئے۔
یہ مشاہدات فرسان آئی لینڈز ریزرو کی بھرپور بحری حیاتیاتی تنوع اور قدرتی مسکن میں جنگلی حیات کو دیکھنے کی صلاحیت کی عکاسی کرتے ہیں۔
نیشنل وائلڈ لائف سینٹر مختلف انواع، ان کے مقامات، ان کے ظاہر ہونے کے رجحانات کی نگرانی اور انہیں دستاویز کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
ان کوششوں سے نہ صرف سائنسی معلومات میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ ایسی منفرد اور پائیدار سیاحتی سرگرمیوں کی ترقی کو بھی فروغ مل رہا ہے جو مملکت کے قدرتی ورثے کو نمایاں کرتی ہیں اور سیاحوں کو جنگلی حیات کے اصل ماحول کے قریب لاتی ہیں۔

واضح رہے بروڈس وہیل ڈیٹا ڈیفیشنٹ کی کیٹیگری میں شامل ہے اور دنیا بھر میں اس پر بہت کم تحقیق کی گئی ہے۔
2022 میں مکہ کے تہامہ ریجن کے علاقے القنفذہ میں بھی بروڈس وہیل کو القنفذہ کے ساحل سے تقریباً 60 کلومیٹر دور سمندر میں دیکھا گیا تھا۔

 

شیئر: