سعودی عرب کا شام کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک کی فہرست سے نکالنے کا خیر مقدم
بیان میں شام کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار گیا ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب نے شام کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملکوں کی فہرست سے نکالنے کے امریکی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس فیصلے پر شامی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی، ملک کی دائمی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔
بیان میں سعودی عرب نے شامی حکومت کی جانب سے سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے، ریاستی اداروں کی تعمیر، تعمیر نو اور ترقی کے کاموں کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کی سپورٹ کا بھی اعادہ کیا۔
یاد رہے امریکہ نے پیر کو 47 سال بعد شام کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملکوں کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی جانب ایک اور اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے النصرہ فرنٹ جسے بعد میں حیات تحریر الشام کے نام سے جانا گیا، کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا فیصلہ بھی واپس لے لیا۔ امریکی محکمۂ خزانہ نi اس کے نتیجے میں متعلقہ پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا۔
امریکی وزیر خزانہ سکوٹ بیسنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام شام میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مدد دے گا جس سے سیاسی اور معاشی استحکام کو تقویت ملے گی۔ یہ اقدامات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شام پر عائد پابندیوں میں نرمی کے وعدے کے مطابق کیے گئے ہیں۔
