Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مرزا پور: دی مووی‘ کی کاسٹ سے مداح کیسے بات چیت کر سکتے ہیں؟

فلم کو ’ایمیزون ایم جی ایم سٹوڈیوز‘ اور ’ایکسل انٹرٹینمنٹ‘ پیش کر رہے ہیں (فوٹو: مرزا پور)
مشہور ویب سیریز ’مرزا پور‘ کے مداح اب فلم کی ریلیز سے قبل اپنے پسندیدہ کرداروں سے براہِ راست سوالات کر سکیں گے۔
انڈین میڈیا کے مطابق فلم سازوں نے ’مرزا پور: دی مووی‘ کی تشہیری مہم کے تحت ’مرزا پور ہاٹ لائن‘ متعارف کرادی ہے، جہاں سیریز کی اصل کاسٹ مداحوں کے سوالات کے جواب دے گی۔
اس خصوصی اقدام میں فرنچائز کے معروف اداکار اپنے مشہور کرداروں کے انداز میں مداحوں سے گفتگو کریں گے۔
کاسٹ میں کالین بھیا کے کردار میں پنکج ترپاٹھی، منا بھیا کے روپ میں دویندو، گڈو پنڈت کے کردار میں علی فضل، بینا ترپاٹھی کے طور پر رسیکا دگل، کمپاؤنڈر کے کردار میں ابھیشیک بنرجی اور گولو کے روپ میں شویتا ترپاٹھی شرما شامل ہیں۔
فلم سازوں کے مطابق ہاٹ لائن کے ذریعے مداح اپنے سوالات جمع کرا سکیں گے، جن کے جوابات اداکار اپنے کرداروں کی مخصوص شخصیت اور انداز میں دیں گے۔ اس اقدام کا مقصد فلم کی سینما گھروں میں نمائش سے قبل مداحوں کو مرزا پور کی دنیا اور اس کے کرداروں سے دوبارہ جوڑنا ہے۔
’مرزا پور: دی مووی‘ مقبول کرائم ڈراما فرنچائز کا سینما کے لیے بنایا گیا نیا سلسلہ ہے، جس کا آغاز پرائم ویڈیو پر ویب سیریز کے طور پر ہوا تھا۔ فلم کے ذریعے پہلی بار مرزا پور کی کہانی اور اس کے مقبول کردار بڑے پردے پر نظر آئیں گے۔
فلم کو ’ایمیزون ایم جی ایم سٹوڈیوز‘ اور ’ایکسل انٹرٹینمنٹ‘ پیش کر رہے ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری گرمیت سنگھ نے کی ہے جبکہ کہانی اور سکرپٹ پونیت کرشنا نے تحریر کی ہے۔ رتیش سدھوانی اور فرحان اختر اس کے پروڈیوسرز ہیں۔
’مرزا پور: دی مووی‘ آئندہ ماہ کی چار تاریخ کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

شیئر: