Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’روزانہ تین چار برگرز، فرائز اور شیک‘، عدنان سمیع نے دو سال میں 130 کلو وزن کیسے کم کیا؟

عدنان سمیع نے والد کی جذباتی اپیل پر سال 2005 میں اپنا وزن کم کرنا شروع کیا (فائل فوٹو: پِنک وِلا)
گلوکار عدنان سمیع کی جسمانی تبدیلی کی کہانی غیرمعمولی ہے۔ انہوں نے 2000 کی دہائی کے اوائل میں اپنا وزن 100 کلوگرام سے زیادہ کم کیا تھا۔ انہوں نے 2 نومبر کو پوڈکاسٹ ’اَن ٹرگرڈ وِد امین جاز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزن کم کرنے کے اپنے سفر اور اِس فیصلے کی وجہ بننے والے واقعے کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
خطرے کی گھنٹی اور والد کی جذباتی اپیل
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق عدنان سمیع نے کہا کہ اُن کا وزن کم کرنے کا سفر سال 2005 میں اُس وقت شروع ہوا جب وہ اپنے والد کے ہمراہ لندن کے کروم ویل ہسپتال میں طبی معائنے کے لیے گئے۔ اُس وقت اُن کا وزن 230 کلوگرام تھا۔
ڈاکٹر نے اُن کا معائنہ کرنے کے بعد دوٹوک انداز میں خبردار کیا کہ وہ اگر اِسی طرزِ زندگی پر چلتے رہے تو یہ حیران کن نہیں ہوگا کہ اگلے چھ ماہ کے اندر وہ کسی ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے جائیں۔
عدنان سمیع ابتدا میں اِس خطرے کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں تھے، تاہم اِسی شام اُن کے والد نے جذباتی انداز میں اُنہیں سمجھانے کی کوشش کی اور کہا کہ ’کسی باپ کو اپنے بچے کو دفن کرنے کی نوبت نہیں آنی چاہیے۔ تمہیں مجھے دفن کرنا ہے، مجھے تمہیں دفن کرنے پر مجبور مت کرو۔ مجھ سے جو چاہو مانگ لو، لیکن یہ مت کرو۔‘
والد کی یہ بات عدنان کے دل پر گہرا اثر کر گئی اور انہوں نے اپنی جسمانی صحت بہتر بنانے کے لیے عملی قدم اُٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔
عدنان سمیع کا وزن کم کرنے کا سفر
وزن کم کرنے کا باقاعدہ سفر شروع کرنے سے پہلے عدنان نے اپنی پسندیدہ غذاؤں سے بھرپور ایک آخری دعوت کا اہتمام کیا، جس میں بڑے سائز کا اسٹیک، میشڈ آلو اور چیز کیک شامل تھے۔
اُن سے پوڈکاسٹ میں جب پوچھا گیا کہ وہ اپنے عروج کے زمانے میں کس کھانے کے سب سے زیادہ شوقین تھے تو ان کا جواب تھا، ’ہر چیز۔‘
انہوں نے میکڈونلڈز میں اپنے پسندیدہ کھانے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’بگ میک کے علاوہ میں کسی اور چیز کے بارے میں سوچتا ہی نہیں تھا۔ میں باآسانی تین سے چار بگ میک کھا لیتا تھا، ساتھ فرنچ فرائز اور چاکلیٹ شیک بھی ہوتا تھا۔‘
تاہم اُنہوں نے جب اپنی زندگی بدلنے کا فیصلہ کیا تو سب کچھ تبدیل ہوگیا۔ عدنان اِس مقصد کے لیے امریکی شہر ہیوسٹن گئے، جہاں انہوں نے ماہرینِ غذائیت اور فٹنس کے دیگر ماہرین کی نگرانی میں کام کیا۔
اُنہوں نے سخت غذائی معمول اپنایا جس میں پروٹین کی مقدار زیادہ رکھی گئی، جب کہ روٹی، چاول، چینی، تیل اور شراب مکمل طور پر ترک کر دی۔ انہوں نے سال 2012 میں شراب نوشی بھی مکمل طور پر چھوڑ دی۔

عدنان سمیع نے وزن کم کرنے کا باقاعدہ سفر شروع کرنے سے قبل اپنی پسندیدہ غذاؤں سے بھرپور ایک آخری دعوت کا اہتمام کیا (فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی)

عدنان نے ابتدائی دنوں میں اپنی جسمانی حرکت اور چلنے پھرنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے ایئرکنڈیشنڈ شاپنگ مالز کے اندر مختصر فاصلے تک چہل قدمی شروع کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ اُس وقت ان کی قمیض کا سائز 9 ایکس ایل تھا اور ویسٹ 81 انچ تھی۔ ایک مرتبہ موسیقی کی دکان میں انہیں ایکس ایل سائز کی ٹی شرٹ نظر آئی تو انہوں نے اِسے خرید لیا۔ یہ ٹی شرٹ انہوں نے اپنے لیے ایک ذاتی ہدف کے طور پر رکھی تاکہ ایک دن وہ اسے پہن سکیں۔
عدنان سمیع کو 130 کلوگرام وزن کم کرنے میں دو سال لگے۔ اُنہوں نے گفتگو کے دوران اِس بات کی بھی نشاندہی کی گئی کہ یہ سب کچھ اوزیمپک (وزن کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی دوا) کے دور سے بہت پہلے ہوا تھا اور وزن کم کرنے کے لیے لائپوسکشن کا کوئی آپریشن بھی نہیں کروایا تھا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اُنہوں نے سرجری سے بچنے کے لیے وزن کم ہونے کے بعد جسم پر باقی رہ جانے والی اضافی جلد ہٹوانے کا آپریشن بھی نہیں کروایا۔

شیئر: