Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’بے بی ڈول‘ سِنگر کنیکا کپور کی شادی کے چار برس بعد شوہر سے علیحدگی، وجہ کیا بنی؟

گلوکارہ کنیکا کپور اور گوتم شادی سے قبل ایک دوسرے کے گہرے دوست تھے (فائل فوٹو: آؤٹ لک انڈیا)
گلوکارہ کنیکا کپور نے شادی کے چار سال بعد اپنے شوہر گوتم ہتھی رامانی سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق کنیکا نے انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے اِس خبر کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’عزیز دوستو اور اہلِ خانہ، بہت سوچ بچار اور غور و خوض کے بعد میں اور میرے شوہر نے اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم نے ایک ساتھ جو وقت گزارا، اس کے لیے میں شکر گزار ہوں اور اُن کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہوں۔ ہماری زندگی کے اِس نئے مرحلے میں داخلے کے دوران میں خلوصِ دل سے درخواست کرتی ہوں کہ ہماری نجی زندگی کا احترام کیا جائے اور ہمارے ساتھ نرمی اور شائستگی کا مظاہرہ کیا جائے۔‘
کنیکا کپور کی اِس سے قبل شادی تاجر راج چندوک سے ہوئی تھی، جن سے اُن کے تین بچے ہیں۔ اِن میں دو بیٹیاں آیانا اور سمارا جبکہ ایک بیٹا یووراج شامل ہیں۔
کنیکا نے سال 1998 میں صرف 18 برس کی عمر میں راج چندوک سے شادی کی تھی۔ وہ شادی کے بعد لندن منتقل ہو گئی تھیں، جہاں انہوں نے کئی برس قیام کیا اور اپنے بچوں کی پرورش کی۔
دونوں نے سال2012  میں اپنی ازدواجی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد کنیکا کپور موسیقی کے شعبے میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے انڈیا واپس آ گئیں۔
کنیکا کپور اِس سے قبل یہ اِنکشاف کر چکی ہیں کہ وہ گوتم کو تقریباً 15 برس سے جانتی تھیں اور محبت کا رشتہ قائم ہونے سے قبل دونوں گہرے دوست تھے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ انہوں نے گوتم کو دو مرتبہ شادی کی پیش کش کی تھی۔ پہلی مرتبہ سال 2014 میں اور دوسری مرتبہ سال 2020 میں۔ گوتم نے بالآخر اگست 2021 میں انہیں شادی کی پیش کش کی اور دونوں 20 مئی 2022 کو لندن میں ایک نجی مگر پُرتکلف تقریب میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔

کنیکا کپور کو سال 2014 میں اداکارہ سنی لیونی کی فلم ’راگنی ایم ایم ایس 2‘ کے گیت ’بیبی ڈول‘ سے شہرت ملی (فائل فوٹو: فلم فیئر)

کنیکا کپور کو سال 2014 میں اداکارہ سنی لیونی کی فلم ’راگنی ایم ایم ایس 2‘ کے گیت ’بیبی ڈول‘ سے شہرت ملی۔ میت برادرز کی موسیقی میں تیار ہونے والا یہ گیت ریلیز ہوتے ہی مقبول ہو گیا اور اِس نے کنیکا کپور کو پلے بیک گلوکارہ کے طور پر نمایاں مقام دلایا۔
اسی سال شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کا گیت ’لوولی‘ بھی اُن کے مقبول گیتوں میں شامل ہوا۔
بعد ازاں کنیکا کپور نے موسیقاروں میت برادرز اور ڈاکٹر زیوس کے ساتھ کئی مقبول گیتوں پر کام کیا، جن میں فلم ’رائے‘ کا ’چِٹیاں کلائیاں‘، ’ایک پہیلی لیلا‘ کا ’دیسی لُک‘، ’آل از ویل‘ کا ’ناچن فرّاٹے‘ اور ’اُڑتا پنجاب‘ کا ’دا دا دسے‘ شامل ہیں۔

شیئر: