سعودی قیادت کی ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کی وفات پر تعزیت
شاہ سلمان بن عبدلعزیز اور ولی عہد نے الگ الگ تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی قیادت نے ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے جنہوں نے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک حکمرانی کی۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے الگ الگ پیغامات میں نئے بادشاہ ہاکون ہشتم اور ناروے کے عوام سے شاہ ہیرالڈ پنجم کی وفات پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم جمعے کی صبح 89 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔ انہوں نے 35 سال تک حکمرانی کی۔ ان کے بیٹے ہاکون ہشتم نے نئے بادشاہ کی حیثیت سے ان کی جگہ لی ہے۔
ہیرالڈ پنجم نے 1991 میں منصب سنبھالا تھا حالیہ برسوں میں انہیں صحت کے بڑھتے ہوئے مسائل کا سامنا رہا۔
انہوں نے اپنی سرکاری مصروفیات کم کردی تھیں لیکن دستبردار ہونے کے امکان کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا تھا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی اپنے ملک کی خدمت کرنے کا حلف اٹھا یا ہے۔
ناروے نے شاہ ہیرالڈ پنجم کی وفات پر قومی سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ نئے بادشاہ ہاکون ہشتم یکم ستمبر کو پارلیمان میں وفاداری کا حلف اٹھائیں گے۔
