Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں سابق کپتان انضمام الحق کی شرکت

سعودی عرب کے شہر الخبر میں رینجرز کرکٹ کلب اور ایسٹرن پراونس کرکٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق سمیت کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ 
سابق کپتان انضمام الحق نے کھلاڑیوں اور کمیونٹی اراکین سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سعودی گورنمنٹ کی سرپرستی میں کرکٹ کا کھیل تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی جس انداز سے کرکٹ کو فروغ دے رہے ہیں، وہ خوش آئند ہے جبکہ نوجوانوں میں کھیل کے لیے موجود جذبہ بھی قابلِ تعریف ہے۔
 رینجرز کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ذوہیب علی شاہ نے کہا کہ انضمام الحق پاکستان کا فخر ہیں، جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔ یہی وجہ ہے کہ نوجوان کرکٹرز انہیں اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔

ایسٹرن پراونس کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر فرحت محمود اور دیگر مقررین نے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے جاری اقدامات سے کھلاڑیوں کو مستقبل میں مزید بہتر سہولیات اور مواقع میسر آئیں گے، جبکہ امید ہے کہ سعودی قومی کرکٹ ٹیم بھی مستقبل میں آئی سی سی کے بڑے مقابلوں میں نمایاں مقام حاصل کرے گی۔
تقریب کے آخر میں انضمام الحق نے مختلف ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

شیئر: