Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بری راستے سے سعودی عرب آنے والوں کے لیے ابشر ٹریول سروس

سروس ابتدائی مرحلے میں اختیاری ہے چھ ماہ بعد لازمی کیا جائے گا۔( فائل فوٹو)
سعودی وزارتِ داخلہ نے پیر کو بری راستے سے مملکت آنے والے وزیٹرز کی سہولت کے لیے ابشر ٹریول سروس کا آغاز کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ سروس ’ابشر ایپ‘ کے ذریعے جی سی سی کے رکن ملکوں کے شہریوں اور زمینی راستے سے آنے والے دیگر وزیٹرز کے لیے دستیاب ہے۔
 نئی سروس وزارتِ خارجہ، وزارتِ سیاحت، سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی(سدایا) زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی، کمیونیکیشن، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن، انشورنس اتھارٹی، جنرل ڈائریکٹریٹ آف پاسپورٹ (جوازات) اور پبلک سکیورٹی کے اشتراک و تعاون سے متعارف کرائی گئی ہے۔
سروس ابتدائی مرحلے میں اختیاری ہے تاہم اسے اجرا کے چھ ماہ بعد لازمی قرار دیا جائے گا۔
اس سروس کا مقصد مملکت میں داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانا ہے۔ مسافروں کو بری سرحدی چیک پوسٹ پر پہنچنے سے قبل سفری کارروائی مکمل کرنے اور تمام مطلوبہ امور آن لائن مکمل کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ گاڑی کی رجسٹریشن اور انشورنس بھی کرا سکیں گے۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ بری راستے سے آنے والے افراد سفر سے قبل ابشر ٹریول سروس کے ذریعے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اس کے لیے انہیں اپنی شہریت، موبائل فون نمبر، سفری دستاویز کی نوعیت وغیرہ درج کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ سفر کی متوقع تاریخ کا تعین کرنے کے بعد گاڑی کی انشورنس سے متعلق معلومات مکمل درج کرنا ہوں گی۔
یہ سروس وزارت داخلہ کی جانب سے مملکت آنے والے وزیٹرز کو فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

 

شیئر: