Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایتھنز کے قریب ایئر شو کے دوران یونانی جنگی طیارہ گر کر تباہ

طیارے میں موجود دونوں پائلٹوں کی حالت کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا تھا۔ (سکرین گریب: (X/@TabzLIVE)
یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے قریب تاناغرا ایئرپورٹ پر سنیچر کے روز ایئر شو کے دوران یونانی فضائیہ کا دو سیٹوں والاایف-4 فینٹم جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
یونانی فضائیہ کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ حادثہ تاناغرا ایئرپورٹ پر جاری فضائی مظاہرے کے دوران پیش آیا۔
سرکاری نشریاتی ادارے ای آر ٹی کی جانب سے نشر کی گئی ویڈیو میں ایئر شو دیکھنے کے لیے موجود تماشائیوں سے چند سو میٹر کے فاصلے پر سیاہ دھوئیں کا بلند ہوتا ہوا بادل دکھائی دیا۔
حادثے کے فوری بعد آگ بجھانے کے لیے دو ہیلی کاپٹر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی شروع کردی گئی۔
یونانی فضائیہ کے عہدیدار کے مطابق حادثے کے وقت طیارے میں موجود دونوں پائلٹوں کی حالت کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا تھا۔ یہ بھی واضح نہیں تھا کہ حادثے کے نتیجے میں ایئر شو دیکھنے کے لیے موجود افراد میں سے کوئی زخمی ہوا یا نہیں۔
عہدیدار نے بتایا کہ تلاش اور امدادی کارروائی جاری ہے۔
ای آر ٹی کے مطابق ایئر بیس پر نصب لاؤڈ سپیکرز کے ذریعے لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت بھی کی جا رہی تھی۔
 

شیئر: