سعودی عرب چائنا انٹرنیشنل انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ فیئر میں مہمان خصوصی
معاون وزیر سرمایہ کاری مملکت کے وفد کی سربراہی کر رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب 8 سے 11 ستمبر تک ژیامن میں ہونے والے چائنا انٹرنیشنل انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ فیئر میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرے گا۔
وزیر سرمایہ کاری فہد آل سیف کی نیابت کرتے ہوئے معاون وزیر سرمایہ کاری ابراہیم المبارک مملکت کے سرکاری اور نجی سیکٹر کی نمائندگی کرنے والے وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ایونٹ میں شرکت کا مقصد سعودی عرب اور چین کے درمیان سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانا، سرکای اور نجی شعبے کے تعاون اور شراکت کے مواقع کو بڑھانا ہے۔
سعودی وفد کی چینی حکام، کارپوریٹ ایگزیکٹیوز اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ فنانشل سروسز، انڈسٹری، ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ ٹیکنالوجی، توانائی، رئیل سٹیٹ، انفرا سٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سمیت دیگر شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع پر بات کی جائے گی۔
اس ایونٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت سعودی عرب اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
سعودی پویلین سرمایہ کاری، توانائی، صنعت و معدنی وسائل، بلدیات اور ہاؤسنگ کی وزارتوں سمیت متعدد سرکاری اور نجی سیکٹر کے اداروں کو اکھٹا کرے گا۔
سعودی وفد مملکت میں وژن 2030 کے تحت سرمایہ کاری کے ماحول اور سرمایہ کاروں کی سپورٹ کے لیے اقدامات اور مراعات کو بھی اجاگر کرے گا۔
