جدہ انڈسٹری فورم ترقی، سرمایہ کاری اور انوویشن کو اجاگر کرے گا
فورم میں انڈسٹری لیڈرز، انویسٹرز اور پالیسی میکرز اکھٹے ہوں گے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب ایک زیادہ مسابقتی اور متنوع صنعتی معیشت کی تعمیر کے لیے جدہ میں سعودی انڈسٹری فورم 2026 کی میزبانی کرے گا۔ انڈسٹری لیڈرز، انویسٹرز اور پالیسی میکرز اکھٹے ہوں گے۔
ایس پی اے کے مطابق جدہ سُپرڈوم میں 14 سے 16 ستمبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ترقی، جدید ٹیکنالوجیز، مقامی مواد اور سرمایہ کاری کے مواقع پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
یہ فورم گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کی سرپرستی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کا اہتمام سعودی چمبرز کی فیڈریشن نے کیا ہے جس کی نمائندگی نیشنل انڈسٹریل کمیٹی جدہ چیمبر کے تعاون سے کرتی ہے۔
اس ایونٹ کا انعقاد وزارت صنعت، معدنی وسائل اور اس سے وابستہ اداروں کے ساتھ سٹریٹیجک شراکت داری میں میں کیا جا رہا ہے جس میں مملکت کے صنعتی ماحولیاتی نظام کے مختلف شعبوں سے اہم سٹیک ہولڈرز کو اکھٹا کیا جا رہا ہے۔
فورم کے تین روزہ پروگرام میں پینل مباحثے اور خصوصی ورکشاپس ہوں گی، صنعتی ترقی اور مواقع، قومی صنعتوں کے مستقبل، سپلائی چینز، لاجسٹکس اور سٹریٹیجک شعبوں میں ایک مربوط صنعتی بنیاد کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
آٹو موٹو، فوڈ اور فارما انڈسٹری جیسے اہم شعبوں پر بھی فوکس کیا جائے گا ۔ یہ فورم انڈسٹری، یونیورسٹیوں اور تحقیق اور ترقی کے مراکز کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقے بھی تلاش کرے گا۔
پینل ڈسکشنز میں صنعت میں جدید ٹیکنالوجیز، مقامی مواد میں اضافہ ، قومی اداروں کے تعاون کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے اعلی مواقع کو اجاگر کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
حکومت اور نجی شعبے کے اداروں، تعلیمی اداروں اور تحقیقی مراکز کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔
یہ ایونٹ ایسے وقت ہورہا ہے جب مملکت کا صنعتی شعبہ سعودی وژن 2030 کے مطابق معاشی تنوع، مقامی مواد کی ترقی اور سرمایہ کاری کو بڑھانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔
یاد رہے سعودی انڈسٹری فورم کا پہلا ایڈیشن 2025 میں الخبر میں ہوا تھا۔
