سعودی پروجیکٹ: غزہ میں پانچ لاکھ لیٹر پینے کے صاف پانی کی فراہمی
یہ اقدام فلسطینی عوام کی مدد کے لیے جاری سعودی مہم کا حصہ ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی کنگ سلمان ہیومیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر غزہ کی پٹی میں ارجنٹ ہیومینٹیرین ریسپانس پروجیکٹ کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایس پی اے کے مطابق فلسطینی عوام کی مدد کے لیے جاری سعودی مہم کے ایک حصے کے طور پر گزشتہ روز غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں پانچ لاکھ لیٹر صاف پانی تقسیم کیا گیا۔
سعودی امدادی ایجنسی کے ذریعے مملکت کی جانب سے فراہم کی جانے والی ان کوششوں کا مقصد زندگی کی بنیادی ضروریات کو بہتر بنانا، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور غزہ کی پٹی میں بحالی کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا ہے۔
یاد رہے کہ کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے غزہ میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ایک ہیومینٹیرین پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت روزانہ تقریبا پانچ لاکھ لیٹر صاف پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اسے واٹر ٹینکروں کے ذریعے بے گھر افراد کے کیمپوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ تقریبا ایک لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔
یہ پروجیکٹ پینے کے صاف پانی تک رسائی بہتر بنانے اور بڑھتی ہوئی انسانی ہمدردی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کرے گا۔
