Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: بدھ سے پیر تک بارش کا الرٹ، کون سے علاقے متاثر ہوں گے؟

سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد و غبار کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے کئی علاقوں میں بدھ سے آئندہ پیر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری  کیا ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز نے پیشگوئی کی تھی کہ مکہ ریجن درمیانے درجے سے شدید بارش کی زد میں رہے گا۔
طائف، میسان، اضم اور العرصیات سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود تیز ہواؤں سے متاثر ہوں گے۔
جبکہ الکامل، الجموم، بحرہ، اللیث اور القنفذہ میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
جازان، عسیر اور الباحہ کے علاقے درمیانی سے شدید بارش سے متاثر ہوں گے۔ سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد و غبار کا امکان ظاہر کیا گیا۔
مدینہ اور نجران ریجن ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کی زد میں رہیں گے۔
ڈائریکٹوریٹ نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔
‘ڈائریکٹوریٹ کے بیان کے مطابق سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔ 

 

شیئر: