Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قمرہ ماؤنٹین ریزوٹ: الباحہ میں مہمان نوازی، تفریح اور مہم جوئی کا نیا مرکز

قمرہ ماؤنٹین ریزوٹ بنی حسن کمشنری کے جبل خیرہ نیشنل پارک میں واقع ہے (فوٹو: ایس پی اے)
پہاڑوں اور ہائی لینڈز کے متنوع لینڈ سکیپ اور معتدل موسم کے ساتھ الباحہ اب ایک نئے سیاحتی مقام ’قمرہ ماؤنٹین ریزوٹ‘ میں سیاحوں کے خیر مقدم کے لیے تیار ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ ریزوٹ قیام، مہمان نوازی، تفریح اور مہم جوئی کو ایک ساتھ پیش کرتا ہے جو اس علاقے کی منفرد شناخت اور قدرتی تنوع کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ منصوبہ اسفار کمپنی کی سرمایہ کاری کا حصہ ہے جو سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ذیلی کمپنی ہے۔ یہ منصوبہ مملکت بھر میں امید افزا شعبوں کی معاونت، سیاحتی منصوبوں کی ترقی اور اعلٰی معیار کے منفرد سیاحتی مقامات کے قیام کے لیے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی کوششوں کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ ریزوٹ بنی حسن کمشنری کے جبل خیرہ نیشنل پارک میں سطح سمندر سے تقریباً 2260 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ اپنے منفرد قدرتی ماحول اور معتدل آب و ہوا کے باعث یہ ایک نمایاں مقام ہے۔

یہاں آنے والے سیاح تفریحی سرگرمیوں اور مہم جوئی کے ساتھ علاقے کے خوشگوار ماحول اور قدرتی مناظر سے بھر پور لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 30 گیسٹ رومز پر مشتمل ایک ہوٹل اور ایک ایڈونچر پارک شامل ہے جس میں 14 مختلف کھیل اور تفریحی سرگرمیاں موجود ہیں۔ یہ منصوبہ سیاحوں کو ایک ہی مقام پر قیام، تفریح اور مختلف سرگرمیوں کا جامع تجربہ فراہم کرتا ہے۔

توقع ہے یہ ریزوٹ الباحہ کے سیاحتی منظر نامے میں ایک نیا اضافہ ہوگا۔ یہ مقام فطرت کی خوبصورتی، آرام دہ ماحول اور مہم جوئی کے جوش و خروش کو ایک جگہ جمع کرنے کا وعدہ کرتا ہے۔
و اضح رہے خوشگوار موسم، دلکش پہاڑی مناظر، جدید سیاحتی سہولتوں اور خدمات نے الباحہ ریجن کو سیاحوں کے لیے بہترین تفریحی مقام بنا دیا ہے جس سے علاقے کی تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ مل رہا ہے۔

 

شیئر: