Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ عبدالعزیز لائبریری میں اندلس کی تاریخ پر نایاب کتابیں اور مخطوطات 

لائبریری عرب اور اسلامی ورثے کو محفوظ  بنانے کے لیے کام کر رہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے اندلس کی تاریخ پر نایاب کتابوں اور مخطوطات کا ایک کلیشن نمائش کے لیے پیش کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس مجموعے میں اس عرب اسلامی تہذیب کو اجاگر کیا گیا ہے جو آٹھ صدیوں سے زیادہ عرصے تک یورپ میں اندلس کی صورت میں قائم رہی۔ یہ دور 92 ہجری (711 عیسوی) میں فتحِ اندلس سے شروع ہو کر 1492 عیسوی میں سقوطِ غرناطہ تک جاری رہا۔
 
لائبریری میں اندلس سے متعلق مختلف موضوعات پر کتابیں موجود ہیں جس میں تاریخ، ادب، شاعری، زراعت، فنون، ثقافت اور سوانح حیات شامل ہیں۔ یہ کلیکشن عربی، انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، جرمن اور لاطینی زبانوں میں ہے۔
یہ مجموعہ کل 84 عنوانات پر مشتمل ہے جن میں اندلس کی تاریخ سے متعلق عربی زبان کی 13 نایاب کتابیں جبکہ دیگر غیر ملکی زبانوں میں 71 نایاب کتابیں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ لائبریری میں 190 برس پرانی ایک کتاب ’پورٹریٹ فرام‘ سپین بھی موجود ہے۔ یہ مکمل قدرتی رنگوں میں ایک نفیس ایڈیشن ہے۔

لائبریری میں برطانوی مصور ڈیوڈ رابرٹس کی مختلف پینٹنگز بھی شامل ہیں جو انہوں نے 1932 اپنے دورۂ اندلس کے دوران بنائی تھیں۔ ان پینٹنگز میں اندلس کے معروف تاریخی اور ثقافتی مقامات کی خوبصورت عکاسی کی گئی ہے۔
1985 میں اپنے قیام کے بعد سے کنگ عبدالعزیز لائبریری عرب اور اسلامی ورثے کو محفوظ  بنانے کے لیے کام کر رہی ہے جس میں کتابیں، مخطوطات، نایاب اشیا، دستاویزات، تصاویر اور سکے شامل ہیں۔

کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری کے اس اقدام کا مقصد دنیا بھر کے ریسرچرز کے لیے علم کا ایک بھر پور ذخیرہ فراہم کرنا ہے۔
لائبریری میں سعودی عرب اور جزیرۂ نمائے عرب کی تاریخ پر بھی ہزاروں نایاب کتابیں، تاریخی دستاویزات اور قلمی نسخے موجود ہیں۔

 

شیئر: