شاہ سلمان مقابلہ حفظ قرآن، تلاوت و تفسیر، 9 ملین ریال کے انعامات
مقابلے کا فائنل کوالیفائر راؤنڈ ریاض میں منعقد کیا جائے گا ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی وزارت اسلامی امور نے مقامی سطح پرشاہ سلمان مقابلہ حفظ قرآن کریم و تلاوت و تفسیر کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مقابلے کے 28 ویں ایڈیشن کے مجموعی انعامات 9 ملین ریال ہوں گے جو 6 مختلف کیٹیگریز کے فاتحین میں تقسیم کیے جائیں گے۔
مقابلے کا ابتدائی راؤنڈ مملکت میں علاقائی سطح پر 21 جمادی الاول سے شروع ہو کر 22 رجب 1448 ہجری تک جاری رہے گا۔
فائنل کوالیفائر راؤنڈ ریاض میں 24 سے 29 شعبان 1448 ہجری کو منعقد کیا جائے گا جبکہ لڑکیوں کے لیے اختتامی تقریب 2 رمضان اور لڑکوں کے لیے 3 رمضان المبارک کو منعقد کی جائے گی۔
وزیر اسلامی امور اور مسابقے کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹرعبداللطیف آل الشیخ نے بتایا مملکت کی سطح پر منعقد ہونے والے مقابلے کے 28 ویں ایڈیشن میں 6 کیٹیگریز ہیں۔
پہلی کیٹیگری مکمل حفاظ کے لیے جو ساتوں متواتر قراتوں پر عبور رکھتے ہوں، دوسری کیٹیگری میں مکمل حفظ کے ساتھ دس قراتوں اور تجوید کا مقابلہ ہوگا۔
تیسری کیٹیگری مکمل حفظ کے ساتھ تجوید و تفسیر کی ہے ۔ چوتھی کیٹیگری میں 20 سپاروں کے حفاظ اور تجوید، پانچویں کیٹیگری میں دس سپاروں کے حفاظ تجوید کے ساتھ جبکہ چھٹی اور آخری کیٹگری میں 5 سپارے حفظ کرنے والے اور تجوید کے ساتھ پڑھنے والوں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
